ملکی ترقی کے لئے ٹیکس کی ادائیگی ناگزیر ہے،احسن خان

ملکی ترقی کے لئے ٹیکس کی ادائیگی ناگزیر ہے،احسن خان

  



لاہور(فلم رپورٹر)اداکارو ماڈل احسن خان نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لئے ٹیکس کی ادائیگی ناگزیر ہے اور عوام ٹیکس قومی ذمہ داری سمجھ کر ادا کرے۔ ہم اپنے ملک پر تنقید تو کرتے ہیں لیکن یہ بھی سوچنا چاہیے کہ ملک صرف ٹیکس سے ہی ترقی کرسکتا ہے۔فلم انڈسٹری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اب بہت اچھی فلمیں بن رہی ہیں۔ نئے لوگ بہترین کام کررہے ہیں جبکہ پرانے لوگ ماضی سے ہی باہر نہیں نکل رہے۔انہیں چاہئے کہ نئے لوگوں سے مل کراستفادہ کریں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سینما گھروں کی مہنگی ٹکٹ نے عام لوگوں سے تفریح چھین لی ہے۔ پہلے سو دو سوروپے کی ٹکٹ ہوتی تھی اور اب سات آٹھ سو روپے کی جس کے ساتھ کھانا پینا بھی،جو کسی بھی عام شہری کے لئے ممکن نہیں ہے۔اس سلسلے میں ریلیف ضروری ہے۔احسن خان نے مزید کہا کہ میں سوشل ورک فیشن سمجھ کر نہیں بلکہ مذہبی اور معاشرتی ذمہ داری سمجھ کر کرتا ہوں کیونکہ اللہ اور اس کے رسولؐ نے بھی دوسروں کا خیال رکھنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کے لئے کہا ہے۔میں مستند فلاحی اداروں کے ساتھ ہی کام کرتا ہوں اور اسی سلسلے میں جلد امریکہ جارہا ہوں۔

میرے خیال میں پاکستانی بچوں کے روشن مستقبل کے لئے تعلیم کے ساتھ ساتھ اچھی خوراک بہت ضروری ہے۔میرا ارادہ ہے کہ مستحق میں بچوں کے لئے سکول عام کروں۔احسن خان نے کہا کہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے اور سوشل میڈیا پر ہر چیز کو برا بھلا کہنے کی بجائے لوگوں کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں احسن خان نے بتایا کہ میں تین فلموں میں کام کررہا ہوں جبکہ ان دنوں نشر ہونے والا میرا سیریل ”شاہ رخ کی سالیاں“شائقین میں بہت پسند کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی بھر فلاحی کام جاری رکھوں گا لیکن میرا سیاست میں آنے کا ارادہ نہیں ہے۔

مزید : کلچر