ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کراچی منتقل ہو چکی ہے،عینی طاہرہ

  ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کراچی منتقل ہو چکی ہے،عینی طاہرہ

  



لاہور (فلم رپورٹر) اداکارہ وگلوکارہ عینی طاہرہ نے کہا ہے کہ ریکھا جیسی پرفارمر پورے برصغیر میں نہیں، انہیں اداکاری کے ساتھ رقص میں جو مہارت حاصل تھی وہ اور کسی کے حصے میں نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ ریکھا اپنے چہرے کے خوبصورت نقوش کی وجہ سے نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان کے نوجوانوں کے دلوں کی ڈھڑکن بھی رہیں۔میں فارغ اوقات میں ان کی فلمیں لازمی دیکھتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیج ڈرامہ اور فلم دونوں کو اپنی شکل میں واپس لانے کے لئے سب کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل تیار کرنا ہو گا۔عینی طاہرہ نے کہا کہ کسی زمانے میں لاہور ٹی وی ڈرامے کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا۔

مگر آج صورتحال یکسر بدل چکی ہے اور ٹی وی ڈرامہ انڈسٹری کراچی منتقل ہو چکی ہے اور لاہور کے اداکار ٹی وی ڈرامہ نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں فارغ بیٹھے ہیں جو ایک اچھی علامت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلم کے بعد سٹیج ڈرامہ بھی پستی کی طرف جا رہا ہے اگر ابھی اس کا سد باب نہ کیا گیا تو پھر ٹی وی کی طرح سٹیج ڈرامہ بھی زوال کی طرف چلا جائے گا۔

مزید : کلچر