قائد اعظم ٹرافی کے 8ویں راؤنڈ کا آغاز آج،سنٹرل پنجاب سرفہرست

قائد اعظم ٹرافی کے 8ویں راؤنڈ کا آغاز آج،سنٹرل پنجاب سرفہرست

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم  ٹرافی کے آٹھویں راؤنڈ کا آغاز (آج)پیر سے ہوگا۔دلچسپ مرحلے میں داخل ہونے والے ایونٹ میں صرف تین راؤنڈز باقی رہ گئے ہیں۔ناردرن  اور سدرن پنجاب  کے مابین میچ  آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی،سندھ  کا مقابلہ  سنٹرل پنجاب  سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور تیسرے میچ میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا  کی ٹیمیں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی  میں مدمقابل ہونگی۔ قائد اعظم ٹرافی فور ڈے ٹورنامنٹ کے سات راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب کی ٹیم 108 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، سدرن پنجاب دوسرے اور خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر ہے۔ پی سی بی کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی کے دلچسپ مقابلے ملک بھر میں جاری ہیں، سات راؤنڈ مکمل ہونے کے بعد سینٹرل پنجاب پوائنٹس ٹیبل پر 108 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، سینٹرل پنجاب نے سات میچ کھیل کر تین میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چار میچز ڈرا کھیلے۔ سدرن پنجاب کی ٹیم 82 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، خیبرپختونخوا 74 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، ناردرن 71 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے، بلوچستان 66 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اور سندھ 58 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔آٹھویں راؤنڈ میں ناردرن کا مقابلہ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود سدرن پنجاب کے خلاف ہوگا۔ 58 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر موجود سندھ کی ٹیم کو آٹھویں راؤنڈ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف میچ کھیلنا ہے۔ 108 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو زیر کرنے  کے لیے سندھ کو جامع حکمت عملی اپنانا ہوگی۔آئندہ راؤنڈ میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ابتدائی طور پر  ایبٹ آباد میں شیڈول میچ کو موسم میں غیرمتوقع تبدیلی کے باعث کراچی منتقل کردیا گیا تھا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی