ڈیرہ اسماعیل خان، دہشتگردی میں شہید اے ایس آئی عبدالغفارسپرد خاک

ڈیرہ اسماعیل خان، دہشتگردی میں شہید اے ایس آئی عبدالغفارسپرد خاک

  



ڈیرہ اسما عیل خان(این این آئی) گزشتہ شب تھانہ درابن کی حدود میں دہشتگردی کی واردات میں شہید ہونے والے شعبہ تفتیش کے اے ایس آئی عبدالغفار کی نماز جنازہ  اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ میں ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش سمیت اعلیٰ افسران کی شرکت، سی ٹی ڈی پولیس نے نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف قتل، دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا، دہشتگرد شہید پولیس اہلکار کا ذاتی پستول بھی ہمراہ لے گئے، پولیس کا علاقے میں سرچ آپریشن، سیکورٹی ہائی الرٹ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تھانہ درابن سے ملحقہ بالا خانہ میں موجود شعبہ تفتیش کے اے ایس آئی عبدالغفار کو نامعلوم دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے شہید کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے 30بور پستول کے فائر کئے، واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ شہید اے ایس آئی عبدالغفار کی نماز جناز اعجاز شہید پولیس لائن ڈیرہ میں رات گئے ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دلاور خان بنگش سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید کو سلامی پیش کی گئی اور ڈی پی او ڈیرہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ نماز جنازہ ادائیگی کے بعد شہید کی میت آبائی علاقہ گاؤں پوٹہ روانہ کی گئی جہاں نماز جنازہ ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کردیا گیا۔ سی ٹی ڈی پولیس نے شہید اے ایس آئی عبدالغفار کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم دہشتگردوں کیخلاف قتل، دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم دہشتگرد شہید پولیس اہلکار کا ذاتی پستول بھی ہمراہ لے گئے۔ ادھر واقعہ کے بعد علاقہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور پولیس نے علاقہ میں سرچ آپریشن بھی کئے ہیں۔

سپرد خاک

مزید : علاقائی