خیبر پختونخوا،9اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز

خیبر پختونخوا،9اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز

  



پشاور (آن لائن) صوبہ خیبر پختونخواکے9اضلاع میں پانچ روزہ خصوصی انسدادپولیو مہم کا آغاز آج  18نومبر سے ہورہا ہے۔ مہم کا فیصلہ تور غراور شانگلہ سے سامنے آنے والے پولیو کیسز کو  مدنظر  رکھ کر کیا گیا۔ مہم کے دوران 10لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائے جائیں گے۔ اس اہم انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے سلسلے میں ایمر جنسی آریشن سنٹر (ای او سی) خیبر پختونخوا میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ای اوسی کو آرڈینیٹر عبدالباسط کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی محکمہ صحت اور ای پی آئی کے اعلیٰ حکام، عالمی ادارہ اطفال (یونیسیف)،ڈبلیو ایچ او، بی ایم جی ایف اور دیگر معاون اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے پیر 18نومبر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیو کے موذی وائرس کے خاتمے کے لیے نتیجہ خیز اقدامات سے متعلق تجاویز اور حکمت عملی پر اتفاق کیا۔ای او سی کوآرڈینیٹر عبدالباسط نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی پولیو مہم کو زیادہ سے زیادہ موثرانداز میں چلانے کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے9اضلاع ایبٹ آباد،بٹگرام،ہری پور،کوہستان(اپر-لوئر-کولئی پالس(،مانسہرہ، شانگلہ اور تورغر میں پولیو مہم چلائی جائیں گی۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 10لاکھ89ہزار664بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اس مقصد کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز پر مشتمل 4800ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ان پولیو ٹیموں میں 4ہزار162موبائل ٹیمیں،427فکسڈٹیمیں،182ٹرانزٹ ٹیمیں اور33رومنگ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ مہم کی موثر نگرانی کے لئے1ہزار189ایریا انچارجز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں۔کوآرڈینیٹر ای او سی عبدالباسط نے معاشرے کے تمام طبقات پر زوردیا کہ مستقبل کوپولیو کے ہاتھوں معذوری سے بچانے اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اس پولیو مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید : علاقائی