ملکی آبادی میں تیز ی سے اضافہ،حکومت غذائی ضروریات بڑھانے کیلئے کوشاں

  ملکی آبادی میں تیز ی سے اضافہ،حکومت غذائی ضروریات بڑھانے کیلئے کوشاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹی رپورٹر)محکمہ بہبود آبادی پنجاب نے کہا ہے کہ ملکی آبادی میں تیز ی سے اضافہ قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے‘ عوام کی غذائی ضروریات پورا کرنا بلاشبہ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے جس سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔یہ بات محکمہ بہبود آبادی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہی۔انھوں نے بتا یا کہ حکومت صوبے سے غذائی قلت کے خاتمے اور آبادی پر کنٹرول کیلئے پر عزم ہے اس ضمن میں موزوں منصوبہ بندی اورموثر پروگرامز ترتیب دیے جا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ غذائی قلت کا مسئلہ آبادی میں اضافے سے منسلک ہے بالخصوص اس وقت جب وسائل اور ضروریات عدم توازن کا شکار ہوں‘اپنے بچوں کو متوازن غذا کی فراہمی ہماری ترجیح ہونی چاہیے اور یہ تب ہی ممکن ہے جب فیملی پلاننگ کے ذریعے وسائل اور ضروریات میں توازن قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملکی آ بادی کا ایک بڑا حصہ غذائی قلت، غربت اور ناخواندگی کا شکار ہے۔

‘ان کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے کم ازکم پرائمری تک تعلیم اور بچوں کو متوازن غذا کی فراہمی ہمارا بنیادی ہدف ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں آنے والے ہر بچے کا حق ہے کہ اسے متوازن غذا اور والدین کی بھر پور توجہ میسر ہو یہی وجہ ہے کہ اسلام نے ماں کو پابند کیا ہے کہ وہ دوسال کے عرصہ تک بچے کو اپنا دودھ پلائے‘ اللہ تعالی نے بچے کے لیے ماں کے دودھ میں متوازن غذا کا اہتمام کیا ہے۔