شادمان اتوار بازار ادرک کی ٹرپل سنچری،ٹماٹر 200،لہسن اڑھائی سوپار کر گیا

شادمان اتوار بازار ادرک کی ٹرپل سنچری،ٹماٹر 200،لہسن اڑھائی سوپار کر گیا

  



لاہور(اپنے نمائندے سے) لاہور شادمان اتوار بازار میں مہنگائی کا طوفان آ گیا، سبزیاں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو گئیں،اب کہائیں تو کیا کھائیں، ٹماٹر کے دام کم نہ ہوئے 200 روپے فی کلو فروخت اور لہسن 258، ادرک 305 روپے کلو بیچا جانے لگا۔ پیاز 73 آلو 48 روپے کلو بکنے لگا۔سبزیوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمتیں تبدیلی سرکار کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ لاہور شہر میں اتوار بازار لگا کر عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ کرنے والوں کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔شادمان اتوار بازار میں بھی ٹماٹر سمیت سبزیوں کی قیمتوں کی اونچی اڑان سے شہری پریشان ہیں، کہتے ہیں انتظامیہ نرخ ناموں پر عملدرآمد میں ناکام ہو چکی ہے۔شادمان اتوار بازار میں ٹماٹر کی اونچی اڑان نے خریداروں کو پریشان کرکے رکھ دیا، سبزیاں غیر معیاری گلے سڑے ٹماٹروں کی فروخت بھی عروج پر پہنچ گئی ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ جاری کردہ نرخ ناموں پر عمل درآمد میں بھی ناکام ہوچکی ہے۔ کریلے 50 پالک 22 روپے کلو فروخت، لاہور کے تمام اتوار بازارو ں سے بھی ریلیف غائب ہو گیا۔ سستی اشیاء کی خریداری کیلئے آئے شہری پریشان ہو گئے اور حکومت سے منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے رہے۔دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ خود ساختہ نہیں ہے بلکہ بڑھتی ہو ئی مہنگائی کا نتیجہ ہے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے ان کی کمر توڑ کے رکھ دی ہے اب حکومت سبزیوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی کر کے انھیں ریلیف فراہم کرے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1