محکمہ اوقاف کا تمام مزارات پر بکسوں کی جگہ ڈیجیٹل کیش مشینیں لگانے کا فیصلہ
لاہور(سٹی رپورٹر) وزیر اوقاف پنجاب سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے زیر انتظام تمام مزارات پر عام کیش باکسز کی جگہ جدید ڈیجیٹل کیش مشینیں لگائی جائیں گی جبکہ پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کی وقف املاک کی جیو ٹیگنگ اور نیلامی کے عمل کوبھی ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حا ل ہی میں مختلف کمپنیوں اوربینکوں کے نمائندگان سے اہم میٹنگ ہوئی جس میں انہوں نے ڈیجیٹل کیش مشینوں بارے آگاہی دی۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں نیشنل بینک،بینک آف پنجاب،یونائٹڈ بینک، عسکری بینک،مسلم کمرشل بینک، فیصل بینک اور الفلاح بینک کے نمائندوں نے بطور ٹیکنیکل ایکسپرٹ معاونت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کی تمام وقف املاک کو جیو ٹیگنگ کر نے اور نیلامی کے عمل کو ڈیجیٹلائز کر نے کے لیے بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد محکمہ کی ویب سائٹ بھی لانچ کر دی جائے گی جس کے بعد دنیا بھر کے زائرین اپنے نذرانے براہ راست مزاروں پر بھیج سکیں گے۔