سابق حکمرانوں نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا،جمشید چیمہ
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے،سابقہ حکمرانوں نے عوام کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا لیکن ہم بلا تفریق ان کا مداوا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمشیداقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے صرف اپنی انا کی تسکین کے منصوبے مکمل کئے جبکہ موجودہ حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے، عوام نے تحریک انصاف کودو نہیں ایک پاکستان اور کرپشن کے خاتمے کیلئے مینڈیٹ دیا ہے جس سے کسی صورت انحراف نہیں کیا جا سکتا۔
، ہمارا کرپشن کرنے والوں سے کوئی مقابلہ نہیں بلکہ ہمارا کارکردگی میں اپنے ساتھ مقابلہ ہے،حکومت مدت ختم ہونے کے بعد قرضوں میں اضافے کی بجائے ان میں کمی کر کے جائے گی۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اب کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور کرپشن کے نت نئے فارمولے ایجاد کرنے والوں کو عوام یکسر مسترد کر چکے ہیں۔