انتظامیہ ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھے:اسلم اقبال

انتظامیہ ٹماٹر، آلو اور پیاز کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھے:اسلم اقبال

  



لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقدہوا، جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کاجائزہ لیاگیا۔سیکرٹری صنعت وتجارت، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز، ڈی جی انڈسٹریز اور سینئرافسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبے بھر سے کمشنرز او رڈپٹی کمشنرز ویڈیولنک کے ذریعے ا جلاس میں شریک ہوئے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائز منافع حق لیکن ناجائز منافع عام آدمی کے حق پر ڈاکہ ہے۔گرانفروشوں کو کسی صورت صارفین کے حقوق چھیننے نہیں دیں گے-عام آدمی کے حق کے تحفظ کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔صوبائی وزیر نے ڈی جی خان میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زائدپرفروخت پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈی جی خان کی انتظامیہ صورتحال کو فی الفور بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتیں بڑھانا ہوں تو راتوں رات بڑھ جاتی ہیں لیکن اگر کمی کرنی ہو تو مہینے لگ جاتے ہیں،اس روش کو بدلنا ہوگا-انہوں نے کہاکہ گھی کے مختلف برانڈوں کی قیمت گھی مینوفیکچرز کی مشاورت کے بعد 140سے 180روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے اورمقررہ قیمتوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور ایکشن کیا جائے۔اجلاس میں 15نومبر کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

اسلم اقبال

مزید : صفحہ آخر