یوٹیلیٹی برانڈ سے دوبارہ مصنوعات کی فروخت شروع کرنے کی منصوبہ بندی مکمل
اسلام آباد(آن لائن) یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے عوام کو معیاری اور مارکیٹ سے کم قیمت پر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کیلئے یوٹیلیٹی کے برانڈ سے دوبارہ مصنوعات کی فروخت شروع کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے،کارپوریشن نے مختلف اشیائے ضروریہ کے تیارکنندگان سمیت خواہشمند کمپنیوں سے اظہار دلچسپی طلب کر لی۔ملک کی سب سے بڑی ریٹیل چین یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے ایک بار پھر اپنے صارفین کو معیاری اشیائے خورد ونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر فراہم کرنے کیلئے برانڈ نیم یوٹیلٹی کے نام سے اشیائے خورد ونوش کی فراہمی شروع کرنے کیلئے ملک بھر کی معروف کمپنیوں سے اظہار دلچسپی طلب کر لی ہے کارپوریشن نے ایسی تمام کمپنیوں سے جو ملک بھر کی سٹوروں کو برانڈ نیم یوٹیلٹی کے ساتھ چینی،آٹے،گھی،تیل،چاول،مصالحہ جات،اور دیگر سامان فراہم کرسکتی ہوں کو اپنے ریٹس سمیت دیگر دستاویزات کے ساتھ مقررہ تاریخ تک رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق برانڈ نیم یوٹیلٹی کی وجہ سے کارپوریشن کو اپنا موجودہ خسارہ کم کرنے میں مدد ملے گی اس سے قبل یوٹیلٹی گھی اور یوٹیلٹی آئل کے برانڈ نیم سے کارپوریشن نے سب سے زیادہ منافع کمایا تھا تاہم بعض کمپنیوں کی جانب سے غیر معیاری آئیل اور گھی کی فراہمی کی وجہ سے عدالتوں نے اس پر پابندی عائد کردی تھی تاہم اب کارپوریشن نے اپنے برانڈ نیم کو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے یوٹیلٹی کے برانڈ نیم سے فروخت کی جانے والے اشیاء کے معیار کو برقرار رکھنے کیلئے کارپوریشن نے پرائیویٹ فرم ہائیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
یوٹیلٹی سٹورز