پی پی،(ن)لیگ حکومتی مؤثر کارکردگی سے خوفزدہ ہیں، عثمان ڈار

  پی پی،(ن)لیگ حکومتی مؤثر کارکردگی سے خوفزدہ ہیں، عثمان ڈار

  



اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور (ن)لیگ خوفزدہ ہیں کہ موجودہ حکومت مؤثر کارکردگی دکھانے جارہی ہے، ہم مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ایک انٹرویومیں عثمان ڈار نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ بتائے کہ وزیراعظم کو گھر کیوں بھیجنا چاہتی ہے، ایک کروڑ70لاکھ افراد نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا۔انہوں نے کہا کہ معاشی اعشاریے بھی بہتری کی طرف جارہے ہیں، یہ لوگ خوفزدہ ہیں کہ حکومت کارکردگی دکھانے جارہی ہے، ن لیگ نے ملک کو تباہ کیا، معیشت کو خسارے میں ڈال دیا تھا، پچھلی تین حکومتوں میں یہ ہی ہوتا رہا کہ حکومت جانے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے اپنی اپنی مدت پوری کی، یوسف گیلانی اگر زرداری کی خوشامد نہ کرتے اور خط لکھ دیتے تو وہ بھی اپنی مدت پوری کرلیتے، نوازشریف بھی اگر پاناما اسکینڈل میں پکڑے نہ جاتے تو مدت پوری کرتے۔عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت نے بھی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میاں صاحب کو چار ہفتے کیلئے جانے کی اجازت دی تھی، ہم عدالت گئے تو نوازشریف کی روانگی مزید تاخیر کا شکارہوگی، امید کرتے ہیں نوازشریف چار ہفتوں میں علاج کرالیں گے۔

عثمان ڈار

مزید : صفحہ آخر