احتجاج،دھرنوں سے قیمتی وقت ضائع کرنیوالوں کو قوم کبھی معاف نہیں کریگی:عثمان بزدار

    احتجاج،دھرنوں سے قیمتی وقت ضائع کرنیوالوں کو قوم کبھی معاف نہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بے مقصد احتجاج اور دھرنوں کے باعث قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیاہے۔جن عناصر نے اس نازک موقع پر اسلام آباد میں احتجاج کیا، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جب ملک میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے، اس وقت بلاجواز افراتفری پھیلانے کی کوشش قومی مفادات کے منافی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے اور کسی کو پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اورحکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔موجودہ حالات میں جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے اور قوم کی خوشحالی کیلئے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہو گا۔ ملک افراتفری کی سیاست سے آگے نہیں جا سکتا، ترقی کا واحد راستہ ملک میں استحکام، اتحاد اور اتفاق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی ترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کے پیش نظر احتجاج کی سیاست کرنا کسی صورت مناسب نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری حکومت عوام کی زندگیوں میں بہتری لا رہی ہے اور آسانیاں پیدا کر رہی ہے جبکہ احتجاجی عناصر راستے بند کرکے آمد و رفت میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ اندرونی اور بیرونی چیلنجز کے پیش نظر سب کو قومی مفاد کو سامنے رکھنا ہوگا۔ وطن کی مٹی ہم سے ان حالات میں اتحاد اور یگانگت کا تقاضا کرتی ہے اور ترقی کے سفر کو افراتفری کی سیاست کی نذر کرنا دانشمندی نہیں۔ پاکستان میں صرف عوام کی خوشحالی کی سیاست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام نے احتجاجی عناصر کی منفی سیاست سے لاتعلق ظاہر کرکے انہیں آئینہ دکھایا ہے۔ افراتفری کی سیاست کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے، اب بھی ناکام رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، ان حالات میں سڑکوں پر آ کر احتجاج کرنا ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش ہے۔ احتجاجی سیاست کرنے والوں کی پرواہ کئے بغیرعوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔
عثمان بزدار
اسلام آباد(این این آئی) حکومت کا نوجوانوں کو با اختیار بنانے کا مشن،وفاق نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔ اتوار کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور معاون خصوصی یوتھ افئیرز عثمان ڈار کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں کامیاب جوان یوتھ پروگرام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں صوبائی سطح پر کوششوں میں تیزی لانے پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صوبائی حکومتیں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر نوجوانوں کو کامیابی کے مزید مواقع فراہم کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام حکومت کا نوجوانوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔عثمان ڈار نے کہاکہ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی سرپرستی میں نوجوانوں کے لئے بڑے فیصلے کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منصوبے کی کامیابی کے لئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے،آئندہ ماہ سے نوجوانوں میں قرض کی تقسیم شروع کر دی جائے گی۔عثمان ڈار نے کہاکہ چاہتے ہیں کہ نوجوان کاروبار کے میدان میں کامیاب ہوں،کامیاب جوان پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز دو ماہ میں کر دیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -