مولانا فضل الرحمان کا پلان اے اسلام آباد میں ناکام ہوچکا، ڈاکٹر امجد

مولانا فضل الرحمان کا پلان اے اسلام آباد میں ناکام ہوچکا، ڈاکٹر امجد

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر معدنیات خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کے مولانا فضل الرحمان کا پلان اے اسلام آباد میں ناکام ہوچکا ہے، اور اب پلان بی کی ناکامی کے بعد وہ پلان سی کے تحت اپنے بوری بستر گول کرلینگے۔ پنجیگرام سوات میں سوئی گیس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ عوام نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو مسترد کردیا ہے۔ اور اب وہ اپنی ساکھ بچانے کے لئے تگ ودو کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اور اپوزیشن جماعتوں کا آزادی مارچ میں ناکامی ثابت کرتی ہے کہ عوام کا تحریک انصاف کی حکومت پر مکمل اعتماد ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ سیاسی شعور کے باعث اب عوام اپوزیشن جماعتوں کے پروپیگنڈے، جھوٹ پر مبنی کھوکھلے نعروں اور پالیسیوں کو سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں صرف دعوے نہیں کئے جاتے بلکہ ان پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔ وزیر معدنیات نے کہا کہ حکومتی نمائندے عوام سے ایسا کوئی وعدے نہیں کرینگے جس کو پورا کرنے کی وہ سکت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کئے جانے والے تمام وعدوں پر کام کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر امجد علی نے پنجیگرام کے رہائشیوں کو سوئی گیس کی فراہمی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سوئی گیس کی فراہمی سے علاقے کے سینکڑوں گھرانے مستفید ہوسکیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے اہلہ علاقہ میں سوئی گیس میٹرز کے لئے ڈیمانڈ نوٹسز بھی تقسیم کئے۔ سوئی گیس افتتاحی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی سلیم الرحمان نے بھی شرکت کی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر