میئر کو نہیں کراچی کے عوام کو اختیارات دیئے جائیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

    میئر کو نہیں کراچی کے عوام کو اختیارات دیئے جائیں: ڈاکٹر سلیم حیدر

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ کراچی کو اختیارات دیئے جائیں نہ کہ میئر کراچی کو،کیونکہ کراچی کے عوام جس طرح کی مشکلات اور پریشانی کا شکار ہیں اس کے ذمہ دار خود میئر کراچی اور ان کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے دور میں کراچی کو حکومت کا درجہ دے کر جو ترقیاتی کام کروائے گئے تھے اس کے بعد کراچی میں ہر طرف بہتری آئی تھی لیکن سندھی النسل پیپلزپارٹی کی متعصب حکومت نے آکر کراچی کے ساتھ تیسرے درجے کا سلوک کرنا شروع کردیا ہے، حالت یہ ہے کہ کراچی پر اس وقت وہ لوگ حکمران ہیں جن کا نہ تو کراچی میں کبھی ووٹ رہا اور نہ ہی ووٹ بینک، سندھ کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے بدعنوان اور کرپٹ افراد کو لاکر کراچی کے اقتدار پر قبضہ کیا گیا اور کراچی کے عوام کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے، 12 سال سے اقتدار میں رہنے والی پیپلزپارٹی نے نہ تو کراچی اور حیدرآباد کیلئے سرکاری سطح پر ٹرانسپورٹ چلائی نہ ہی یہاں یونیورسٹی، کالج، اسکول اور دیگر ادارے قائم کئے گئے، کراچی کے عوام مہنگی فیس ادا کرکے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں لیکن سندھ کے ٹیکسوں سے حاصل کی جانے والی رقم سے یونیورسٹی، کالج اور صحت کے مراکز پسماندگی کے نام پر سندھ کے دیہی علاقوں میں بنائے گئے ہیں،انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر آج تک اندرون سندھ کی پسماندگی کے نام پر 80فیصد بجٹ خرچ کیا جاتا ہے لیکن 50 سال میں نہ تو سندھ کے دیہی علاقوں کی پسماندگی ختم ہوئی اور نہ ہی کرپٹ اراکین اسمبلی کی لوٹ مار میں کمی ہوئی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر