پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی مشترکہ بحری مشق کا اختتام

    پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی مشترکہ بحری مشق کا اختتام

  



کراچی (این این آئی)پاک بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ اور بحرین کے رائل ڈیفنس فورس کے اسپیشل آپریشن فورس کے مابین مشترکہ مشق 'شاہین الجزیرہ 2019 کا کراچی میں اختتام ہوگیا۔پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق پاک بحریہ اوررائل بحرین ڈیفنس فورس کے درمیان مشق ہر سال منعقد کی جاتی ہے اور مسلسل 10 روز تک جاری رہنے والی حالیہ مشق اسی سلسلے کی 13ویں بحری مشق تھی۔اعلامیے میں بتایا گیا کہ مشق کے اہم مقاصد میں مضبوط عسکری تعلقات، اسپیشل آپریشن فورسز کے مابین روابط اورمشترکہ آپریشنز کی تیاری میں بہتری اور پیشہ ورانہ مہارت کا تبادلہ شامل تھا۔دونوں افواج کے اہلکاروں نے مشق کے دوران میری ٹائم انٹر ڈکشن آپریشنز، سیل ٹیمز انسرشنز ٹیکنیکس اور فراگ مین آپریشنز کے انعقاد سے بھر پور استفادہ کیا۔مشق کا اختتام بحیرہ عرب میں مشترکہ بورڈنگ آپریشن کے شاندار مظاہرے سے ہوا جس میں پاک بحریہ کے بحری جہازوں، سی کنگ ہیلی کاپٹرز، اسپیشل فورسز کی کشتیوں اور شریک پاک بحریہ اور رائل بحرین ڈیفنس فورس کی ایس او ایف ٹیموں نے حصہ لیا۔مشق کی اختتامی تقریب بحیرہ عرب میں منعقد ہوا جس کا مشاہدہ پاک بحریہ کے جہاز پر موجود بحرین کی نیول اسپیشل فورس کے کمانڈر نے کیا جنہوں نے مشق کے کامیاب اور پیشہ وارانہ انعقاد کو سراہا۔پاک بحریہ کے مطابق بحری مشق پاک بحریہ او ر رائل بحرین ڈیفنس فورس کے درمیان مضبوط دوطرفہ عسکری تعاون کی عکاس ہے اور اس دوران حاصل کیا گیا پیشہ ورانہ تجربہ باہمی طور پر سود مند رہا اور یہ 2 برادرانہ ممالک کے مابین دو طرفہ تعاون میں فروغ کا باعث بنے گا۔

پاک بحریہ مشق

مزید : پشاورصفحہ آخر