وزیراعظم عمران خان آج ہزارہ موٹروے فیز 2 کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم عمران خان آج ہزارہ موٹروے فیز 2 کا افتتاح کریں گے
وزیراعظم عمران خان آج ہزارہ موٹروے فیز 2 کا افتتاح کریں گے

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان آج ہزارہ موٹروے فیز2 کا افتتاح کریں گے، وزیراعظم کی جانب سے علاقے کی ترقی کے لیے اہم اعلانات بھی متوقع ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ہزارہ موٹروے ای 35 حویلیاں شاہ مقصود انٹرچینج سے مانسہرہ تک 62 کلو میٹر طویل موٹروے کے دوسرے حصے کا افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب حویلیاں یونیورسٹی کیمپس میں ہوگی۔ ہزارہ موٹروے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان، وفاقی وزراء، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی شرکت کریں گے۔

ہزارہ موٹروے منصوبہ حکومت کی جانب سے ہزارہ کی عوام کے لیے تحفہ ہے، 3 حصوں پر مشتمل 180 کلومیٹر ہزارہ موٹروے کے 2 حصے مکمل جبکہ تیسرے حصے کو مارچ 2020 تک مکمل کیا جائے گا۔ 34 ارب روپے کی لاگت سے مانسہرہ تک تیار ہونے والے ہزارہ موٹروے پر کل 47 پل اور 6 سرنگیں تعمیر کی گئی ہیں۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلٰی عہدیدار کے مطابق 59 کلومیٹر پر مشتمل ای-35 موٹروے جسے ہزارہ موٹروے بھی کہا جاتا ہے،اس پراجیکٹ پر37۔34ارب روپے کی لاگت آئی ہے۔چھ لائینی موٹروے کے سبب اسلام آباد سے حویلیاں کی مسافت آدھے گھنٹے میں طے ہوگی اور یہ موٹروے خصوصی روڈ کے ذریعے حویلیاں پورٹ تک رسائی بھی فراہم کرے گا۔این ایچ اے عہدیدار کا مزید کہنا ہے کہ حسن ابدال-حویلیاں موٹروے (ای-35) کے چار لائنی شاہراہ کے چھ لائنی کشادگی کےباعث پی سی ون پر دوبارہ نظر ثانی کی گئی ہے جس کے سبب اس کی لاگت 34ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔

یادرہے کہ مسلم لیگ ن کے دور میں یہ منصوبہ شروع ہوا تھا جو اب تکمیل کے مرحلے پر پہنچ گیا اور وزیراعظم عمران خان افتتاح کرنے جارہے ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن نے وزیراعظم عمران خان کی آمد پر احتجاج کا اعلان کیا ہے، موٹروے پر نوازشریف کے بینرز لگا دیے گئے، لیگی رکن پنجاب اسمبلی نے دھمکی دی ہے کہ وزیراعظم کی آمد پر سیاہ جھنڈے لہرائیں گے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /اسلام آباد