"حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹام پیپر پر اکتفا کرنا پڑا"

"حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹام پیپر پر اکتفا کرنا پڑا"

  



لاہور، ناروال ( این این آئی) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت عمران خان کے بغض اور عناد کی شکست ہے، حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹام پیپر پر اکتفا کرنا پڑا۔

نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آج عمران نیازی کی لگائی ہوئی نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کردار کشی کی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ حکومت نااہلی کی اعلیٰ مثال بن چکی ہے۔ اب تو حکومتی اتحادیوں نے بھی کہہ دیا کہ عمران خان کی حکومت 6 ماہ اور رہ گئی تو کوئی حکومت سنبھال نہیں سکتا، اس لیے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان اپنی ناکامی تسلیم کریں اور فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کریں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اٹارنی جنرل انور منصور اور مشیر احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس اور وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میاں نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے۔اعلیٰ عدلیہ نے سزا معطلی کے فیصلہ میں تحریر کیا ہے کہ بادی النظر میں نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے۔حکومت اپنی حد میں رہے عدالت نہ بنے،وزرا عدالتی فیصلے کی غلط تشریح و تعبیر کرکے ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جس شخص کی سزا اعلیٰ عدلیہ معطل کر چکی ہو،اس میں حکومت مداخلت کرکے کوئی شرط اوراس کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتی۔عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟ حکومت نے عدالت کا اختیار استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی ،اللہ تعالیٰ نے انکے ہاتھ میں کسی کیلئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ وزیراعظم کی نالائقی اور نااہلی کا کیا علاج ہے؟

انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی دعاﺅں کے سائے میں منگل کو نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے الوداع کہیں گے۔ انشااللہ نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کیلئے ائیر ایمبولینس منگل کو پہنچے گی اوراسی روز وہ بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا ہے، اسٹیرائڈ کی ہائی ڈوز ز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے جب کہ ہائی بلڈ شوگر، ہارٹ اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی ادویات دی جا رہی ہیں۔ادھر سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنا ن نے کہاہے کہ طبی طورپر مستحکم ہوتے ہی نوازشریف لندن کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔ میڈیکل ٹیم بھی ان کے ہمراہ ہو گی ،نواز شریف کا سفر انکی حالت بہتر ہونے سے مشروط ہے۔

یاد رہے کہ    شہباز شریف نے ایک بیان میں چوہدری برادران سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا جنہوں نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے ان کی معاونت کی۔  شہبازشریف نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست نہیں کی بلکہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کیا۔شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے تاخیر کی لیکن اللہ تعالیٰ نے ریلیف دیا۔ جبکہ شہباز شریف نے نواز شریف اور اہلخانہ سے ملاقات میں انھیں بیرون ملک روانگی سے متعلق لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور /قومی