نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا لیکن پھر وہ کیسے باہر جاسکیں گے؟ امیگریشن ذرائع نے حیران کن بات بتا دی

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا لیکن پھر وہ کیسے باہر جاسکیں ...
نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جائے گا لیکن پھر وہ کیسے باہر جاسکیں گے؟ امیگریشن ذرائع نے حیران کن بات بتا دی

  



لاہور (ویب ڈیسک)مسلم لیگ نو کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا نام بدستور ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ میں شامل ہے، اسے ہٹایا نہیں جائے گاتاہم وہ امیگریشن کاونٹرپرعدالتی احکامات دکھا کر ملک سے باہر جاسکتے ہیں۔ 

روزنامہ جنگ کے مطابق  امیگریشن ذرائع کا بتانا ہے کہ قانون کے مطابق نواز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل رہے گا، تاہم وہ عدالتی احکامات دکھا کر باہر جاسکیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتظامیہ کو ابھی تک ایئرایمبولینس کی آمد کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے آج اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کل قوم کی دعاؤں میں علاج کے لیے بیرون ملک روانہ ہوں گے، ایئر ایمبولنس بھی کل ہی پاکستان پہنچے گی۔ 

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اٹارنی جنرل انور منصور اور مشیر احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس اور وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میاں نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے ۔اعلیٰ عدلیہ نے سزا معطلی کے فیصلہ میں تحریر کیا ہے کہ بادی النظر میں نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے۔حکومت اپنی حد میں رہے عدالت نہ بنے،وزرا عدالتی فیصلے کی غلط تشریح و تعبیر کرکے ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جس شخص کی سزا اعلیٰ عدلیہ معطل کر چکی ہو،اس میں حکومت مداخلت کرکے کوئی شرط اوراس کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتی ۔عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟ حکومت نے عدالت کا اختیار استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی ،اللہ تعالیٰ نے انکے ہاتھ میں کسی کیلئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ وزیراعظم کی نالائقی اور نااہلی کا کیا علاج ہے؟

انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی دعائوں کے سائے میں منگل کو نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے الوداع کہیں گے۔ انشااللہ نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کیلئے ائیر ایمبولینس منگل کو پہنچے گی اوراسی روز وہ بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور