”تمام کھلاڑی بے تاب ہیں کہ وہ۔۔۔“ شان مسعود نے دبنگ اعلان کر دیا
سڈنی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بے تاب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ برسبین کی کنڈیشنز سے واقف ہیں اور سکواڈ میں شامل 3 اہم بیٹسمین 2016ءکی سیریز میں بھی یہاں کھیلنے کا تجربہ حاصل کر چکے ہیں جبکہ پرتھ میں بھی تیاریوں کا اچھا موقع ملا۔ نسیم شاہ نے ڈومیسٹک پچز فاسٹ باﺅلرز کیلئے زیادہ سازگار نہ ہونے کے باوجود عمدہ باﺅلنگ کر کے توجہ حاصل کی، وہ بہت پرجوش اور باصلاحیت باﺅلر ہیں جنہوں نے ہمت کامظاہرہ کرتے ہوئے والدہ کے انتقال کے باوجود آسٹریلیا میں قیام کا فیصلہ کیا اور اگلے روز شاندار باﺅلنگ بھی کی۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ سٹیو سمتھ بہترین بیٹسمین ہیں لیکن ہمیں کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے تمام بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کیلئے حکمت عملی بنانا پڑے گی، مچل سٹارک اور مائیکل نیسر سمیت آسٹریلوی فاسٹ باﺅلرز مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، دوسری جانب پاکستان کا باﺅلنگ اٹیک بھی عمدہ کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، محمد عباس تجربہ کار ہیں جبکہ کم بیک کرنے والے عمران خان سینئر بھی اچھی فارم میں نظر آرہے ہیں۔
اوپنر شان مسعود کا کہنا تھا کہ سپیڈ سٹار موسیٰ اور نسیم شاہ کی خدمات بھی میسر ہیں، شاہین شاہ آفریدی تینوں فارمیٹ میں پاکستان کیلئے پرفارم کرتے رہے ہیں، تمام مہمان کرکٹرز کینگروز کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے بیتاب ہیں اور ٹیسٹ چیمپئن شپ کا بہتر آغاز کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔