نواز شریف کو علاج کے لیے 15روز پہلے ہی پاکستان سے چلے جانا چاہیے تھا :احسن اقبال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے 15 روز پہلے ہی پاکستان سے چلے جانا چاہیے تھا، حکومت نے غیر ضروری اور غیر انسانی تاخیری حربے اپنائے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی مشیر کہتے پھررہے ہیں کہ نواز شریف جہاں جائیں گے عدالتی فیصلہ وہاں بھیجا جائے گا، کیا آج تک کسی نے یہ کہا ہے کہ ہمارا وزیراعظم جہاں جائے گا کیلی فورنیا کی عدالت کا فیصلہ وہاں بھیجیں گے۔
ن لیگ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف منگل کی صبح لندن روانہ ہوں گے، شہباز شریف کی عدم موجودگی میں پارٹی رہنماوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔لندن روانگی سے قبل شہباز شریف نے پارٹی رہنماوں کے ساتھ بڑی بیٹھک جمائی۔ اجلاس میں احسن اقبال، رانا تنویر حسین اور خواجہ آصف کو پارٹی اور پارلیمانی امور کی ذمہ دریاں سونپی گئیں۔اجلاس میں قیادت کی عدم موجودگی میں ملک بھر میں ورکرز کنونشن کرنے پر اتفاق ہوا۔