تمیم اقبال بھی پاکستان کی خوبصورتی سے متاثر ہو گئے، شاندار پیغام جاری کر دیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز تمیم اقبال بھی پاکستان کی خوبصورتی سے متاثر ہو گئے ہیں جن کا کہنا ہے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شاندار ملک کا دورہ بڑا اچھا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے تمیم اقبال نے کہا کہ میں پاکستان میں اپنے قیام سے ہمیشہ لطف اندوز ہوتا ہوں کیونکہ یہاں کا ماحول ہمارے ملک جیسا ہے اور یہاں بھی کرکٹ کو پسند کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود اور شائقین بڑے جذباتی ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شاندار ملک کا دورہ بڑا اچھا رہا ہے، کورونا وائرس کی وجہ سے بائیو سیکیورٹی نے ماحول تبدیل کیا لیکن صحت کیلئے قوانین کی پاسداری ضروری ہے، ماضی میں ہوٹلزاور ریسٹورنٹس میں بھی گھومنے اور ماحول دیکھنے کا موقع ملتا تھا، اس بار ٹیم ہوٹل اور یہاں بھی مخصوص ایریا میں جانے کی اجازت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراﺅڈ کے بغیر سٹیڈیم کی فضا بڑی مختلف ہوتی ہے، چوکا، چھکا لگنے پر کوئی داد دینے والا نہیں ہوتا لیکن کم ازکم ٹی وی پر ہی سہی شائقین کو کرکٹ تو دیکھنے کو مل رہی ہے، ابھی کچھ وقت کیلئے ہمیں کو ان چیزوں کا عادی بنانا ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز ایک پروفیشنل ٹیم ہے،اس بار پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میں نے لیگ مرحلے کے کچھ میچز ٹی وی پر دیکھے اور اس ایونٹ میں کھیل کے معیار سے متاثر ہوا ہوں۔