پشاور بس ٹرمینل کی نیلامی‘ سمری کابینہ کو ارسال کرنیکی ہدایت

پشاور بس ٹرمینل کی نیلامی‘ سمری کابینہ کو ارسال کرنیکی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app



پشاور(سٹی رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیرٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اور چیئرمین روڈ ٹرانسپورٹ بورڈ (آر ٹی بی)  ملک شاہ محمد خان وزیر کی زیر صدارت بورڈ کا چوتھا سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ قیصر خان، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ طارق علی خان، محکمہ قانون اور ٹرانسپورٹ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف امور زیر غور لائے گئے بورڈ کے پچھلے اجلاس جو اسی سال یکم ستمبر کو ہوا تھا جس میں متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ پشاور بس ٹرمینل، کینٹین، ٹک شاپ اور پی سی او کی نیلامی کیلئے صوبائی کابینہ کو سمری بھیجوائی جائے اس پر ابھی تک عمل درآمد نہ ہونے پر چئیرمین آر ٹی بی نے سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت جاری کی کہ اس پر کام کو تیز کرکے جلد از جلد کابینہ کو ارسال کیا جائے اور اس میں تاخیری حربوں کی وجہ بتائی جائے۔ اجلاس میں بس اڈوں میں صفائی ستھرائی اور مسافروں کو دیگر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز اور آرائیں سامنے آئیں۔ چئیرمین نے مزید ہدایت جاری کی کہ آر بی ٹی کے سالانہ بجٹ فنڈز کو محکمہ فنانس سے ویٹ کروایا جائے۔ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ آر ٹی بی ایک خودمختار بورڈ ہے جو صوبے کے ٹرانسپورٹ مسائل کو حل کرنے اور ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری اور شفافیت لانے کیلیے کوشاں ہے آر ٹی بی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کیلیے کوششیں کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ویژن کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ کو توسیع دینے اور عوام کو آسان سفری  سہولیات فراہم کرنے کیلیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ بی آر ٹی موجودہ صوبائی حکومت کا عوام کیلیے بہترین سفری تحفہ ہے جس کی خدمات عالمی سطح پر بھی مانی گئی ہیں اور بی آر ٹی کو بہترین سروسز کی بنیاد پر عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔