سموگ کی صورتحال بہتر ؛لاہور اور ملتان کے علاوہ پورے صوبے میں سکول کھولنے کا فیصلہ

Nov 18, 2024 | 02:51 PM

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت نے لاہور اور ملتان ڈویژن کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق سموگ کی صورتحال بہتر ہونے پر پورے صوبے میں سکول کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،تاہم لاہور اور ملتان میں سکول ابھی نہیں کھلیں گے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے  کہاہے کہ مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی سے پنجا ب میں سموگ کی صورتحال بہتر ہو گئی ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سواتمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھولنے کا فیصلہ  کیا ہے۔ان کاکہناتھا کہ انسانی زندگیوں کو نقصان سے بچانے کیلئے مشکل فیصلے کئے گئے،بچوں کی تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتا نہیں کر سکتے۔

ادھرانوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ سکول پونے 9سے پہلے نہیں کھلیں گے،تمام طالب علم، اساتذہ اور عملہ لازمی ماسک پہنیں گے،آؤٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیرنصابی سرگرمیوں پر پابندی رہے گی،جماعتوں کے لحاظ سے الگ الگ چھٹی کے اوقات مقررہوں گے تاکہ ٹریفک کا رش نہ ہو، سکول انتظامیہ احتیاطی تدابیر پر عملدراامد کی ذمے دار ہو گی۔

مزیدخبریں