اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے بانی پی ٹی آئی عمران خان، فیصل واوڈا، شیخ رشید، صداقت عباسی کے لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں بری ہونے کا تحریری فیصلہ کر دیا،جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ کیس کا ٹرائل چلایا جاتا تب بھی سزا ہونے کے امکانات نہیں تھے،پراسیکیوشن نے موقف اپنایا ہزار سے بارہ سو کارکنان نے پولیس پر حملہ کیا، دلچسپ بات نوٹ کی گئی کہ ہزار سے 12سو افراد کے حملے میں ایک بھی پولیس اہلکار زخمی نہیں ہوا۔
عدالت نے کہاکہ پراسیکیوشن کی جانب سے پیش کی گئی کہانی میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں،مدعی مقدمہ کے الزامات کو سچ ثابت نہیں کیا جا سکا، بانی پی ٹی آئی، فیصل واوڈا،شیخ رشیدسمیت تمام ملزمان کو بری کیا جاتا ہے،بانی پی ٹی آئی کسی اور کیس میں گرفتار نہیں تو جیل سے رہا کردیا جائے،تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہزادوسیم اور اسد قیصر کو 24فروری 2024کو کیس سے بری کر دیاگیاتھا، فیاض الحسن چوہان، فردوس شمیم، اسد قیصر کو بھی بری کیا جاتاہے،عدالت نے ملزمان کے ضمانتی مچلکے واپس کرنے کاحکم دیدیا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف تھانہ آبپارہ میں اگست 2022میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔