پنجاب کو سیاحتی ہب بنارہے ہیں ، انویسٹرز کو ویلکم کریں گے:وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سپین کی سینیٹ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

Nov 18, 2024 | 04:38 PM

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سپین کی سینیٹ کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ  نے سپین کی سینیٹ کے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ سپین کی سینیٹ کے وفد کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،تجارت اور سیاحت کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر معاشی تعاون،کلائمیٹ چینج، ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ اور ماحولیاتی آلودگی پر اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز  نے سپین کے شہر ویلنسیا سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا اور تعاون کی پیش کش کی۔ وزیر اعلیٰ  نے سپین کی جانب سے پاکستان میں فلڈ رسپانس پلان کے تحت ریلیف پیکج کو سراہا۔ ملاقات میں ہسپانیہ کے شہر قرطبہ میں علامہ اقبال سے منسوب سٹریٹ کا بھی ذکر کیا گیا۔

 وزیر اعلیٰ مریم نواز نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپین یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا ایکسپورٹ پارٹنر ہے، باہمی تجارت کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حصول کیلئے سپین کی حمایت کو دل سے سراہتے ہیں۔ سپین کے ساتھ دیرنہ اور برادرانہ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سیلاب کے نقصانات سے بچاؤ کے لئے ارلی وارننگ سسٹم اور ریسکیو سروسز پر ملکر کام کرنا چاہتے ہیں۔ پارلیمانی ڈپلو میسی کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پنجاب کو سیاحتی ہب بنارہے ہیں اور سپین کے انویسٹرز کو ویلکم کریں گے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے خصوصی پیکیج مرتب کیا جارہا ہے۔ وویمن ایمپاورمنٹ پر خصوصی فوکس کر رہے ہیں۔ خواتین ارکان اسمبلی کی تعداد پہلے سے بڑھ چکی ہے۔

 سپین کے پارلیمانی وفد نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے منصب پر خاتون کا ہونا نہایت خوش آئند ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز  خوش اسلوبی سے صوبے کے معاملات کو سرانجام دے  رہی ہیں۔

مزیدخبریں