دنیا کے مہنگے ترین شہر لندن میں ایک کمرہ صرف 160 روپے مہینہ کرائے پر دستیاب ،لیکن ایک انتہائی دلچسپ شرط

دنیا کے مہنگے ترین شہر لندن میں ایک کمرہ صرف 160 روپے مہینہ کرائے پر دستیاب ...
دنیا کے مہنگے ترین شہر لندن میں ایک کمرہ صرف 160 روپے مہینہ کرائے پر دستیاب ،لیکن ایک انتہائی دلچسپ شرط

  

لندن (نیوز ڈیسک) برطانوی دارالحکومت کے بارے میں حال ہی میں یہ خبر سامنے آئی کہ یہاں پراپرٹی کی قیمت دنیا کے مہنگے ترین شہروں سے بھی اوپر جاچکی ہے لیکن حیرت کی بات ہے کہ اسی شہر میں ایک پاﺅنڈ (تقریباً 160 پاکستانی روپے) ماہانہ پر انتہائی شاندار علاقے میں انتہائی صاف ستھرا اور خوبصورت فلیٹ دستیاب ہے، جس میں 24 گھنٹے انٹرنیٹ کی سہولت بھی میسر ہے، لیکن اسے پانے کے لئے ویب یا موبائل سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کی اچھی صلاحیت کا مالک ہونا ضروری ہے۔ 32سالہ شخص ایڈم مغل کا کہنا ہے کہ وہ ایک سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر کام کررہے ہیں اور انہیں اس کے لئے کچھ مزید افراد کی ضرورت ہے جنہیں ان کے بڑے گھر میں رہائش دی جائے گی اور ماہانہ ایک پاﺅنڈ کرایہ وصول کیا جائے گا، بشرطیکہ وہ ان کے پراجیکٹ کے مطلوبہ معیار کے مطابق ایپس ڈویلپ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

ایڈم کا کہنا ہے کہ وہ مستقل ملازم رکھنے کی گنجائش نہیں رکھتے لہذا انہوں نے یہ ترکیب سوچی کہ کسی کو اپنے گھر میں رکھا جائے جو ان کے لئے پارٹ ٹائم کام کرے، تا کہ ان کا بھی فائدہ ہو اور ان کے ہاں رہنے والے کے لئے بھی اس میں بچت کا پہلو ہو۔ انہوں نے اخبار ”ڈیلی سٹار“ کو بتایا کہ دو ہفتے قبل یہ اشتہار شائع ہونے کے بعد ان کے پاس 1200 لوگوں کی درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یورپ میں قابلیت کے بدلے رہائش فراہم کرنے کا طریقہ عام پایا جاتا ہے لیکن دیگر ممالک میں ابھی یہ رجحان عام دیکھنے میں نظر نہیں آتا۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -