ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف کے اعلی عہدیداران اگلے ماہ پاکستان آئینگے

ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف کے اعلی عہدیداران اگلے ماہ پاکستان آئینگے

اسلام آباد(اے پی پی) انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیلی فیئرویدر اور ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طیب اکرام آئندہ ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کریں گے، سربراہان میں پاکستان میں انٹرنیشنل ہاکی کی ممکنہ واپسی یا دوسرے مقامات کے بارے بات چیت ہوگی۔

انٹرنیشنل ہاکی ایونٹس کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان کی مدد کرنے کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف کے سربراہان پی ایچ ایف کی دعوت پر آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے، پاکستان ہاکی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی ناگزیر ہو چکی ہے، قومی ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے اسے زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، ایف آئی ایچ اور اے ایچ ایف کی مدد سے پاکستان بنگلہ دیش اور متحدہ عرب امارات میں انٹرنیشنل ٹورنامنٹس کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آئندہ برس بھی قومی ٹیم کیلئے کوئی انٹرنیشنل سرگرمی نہ ہوئی تو پاکستان اور دوسری ٹیموں کے درمیان بڑا گیپ پیدا ہو جائے گا جس سے قومی ہاکی کھیل مزید زبوں حالی کا شکار ہو جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی