یونس خان کے اعزاز میں تقریب28 اکتوبر کو ہوگی
ابو ظبی(آئی این پی)سینئر بلے باز یونس خان کے اعزاز میں تقریب میں شرکت کیلئے سابق عظیم کرکٹرز جاوید میانداد اور حنیف محمد کو بھی دعوت دے دی گئی، تقریب 28 اکتوبر کو دبئی میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق یونس خان کے بعض قریبی دوست 28 اکتوبر کو دبئی میں تقریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔اس میں شرکت کیلئے جاوید میانداد اور حنیف محمد کو بھی دعوت دے دی گئی، آئی سی سی کے پاکستانی صدر ظہیرعباس پہلے ہی آنے کی تصدیق کر چکے ہیں، تقریب میں یونس کی بھرپور انداز میں پذیرائی ہو گی، قومی ٹیم اور بورڈ حکام کو بھی مدعو کیا جائیگا۔دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ ابوظبی ٹیسٹ میں ریکارڈ قائم کرنے کے بعد سے اب تک یونس خان کو کسی بورڈ آفیشل نے فون کر کے مبارکباد نہیں دی، چیئرمین شہریارخان تو اس دن یو اے ای میں ہی تھے انھوں نے بھی سینئر بیٹسمین کو نظرانداز کیایونس خان نے حال ہی میں پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں جاوید میاں داد کے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ توڑا ہے اس لئے ان کے اعزاز میں تقریب ہورہی ہے۔