ماہ محرم الحرام ایثار و قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے،افتخار حسین
لاہور(پ ر) ہیومن رائٹس ویلفےئر فورم کے صدر افتخار حسین نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ ایثار و قربانی،امن ،محبت ،ہمدردی ،وفاداری ،صبرواستقامت ،بھائی چارے اوراتحاد ویگانگت کا درس دیتا ہے، واقعہ کربلا ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے حضرت امام حسین کی لازوال اورعظیم قربانی نے دین اسلام کوہمیشہ کیلئے زندہ وجاوید کردیاہے ۔ معاشرے میں ظلم وستم کے مقابلے میں ثابت قدم رہنا، دینی اقدارکی پاسداری کیلئے گھربارچھوڑنااوراسلامی اصولوں پرآنچ نہ آنے دینا ہی سنت حضرت امام حسین ہے ،حضرت امام حسین ؑ کی شہادت کے فلسفہ سے ہم انسانوں کوحق کیلئے اپنے مدمقابل بڑی سے بڑی طاقت کیخلاف ڈٹ جانے کادرس ملتا ہے۔
حسینیت ؑ کے علمبردار ہردورکے یذید کیخلاف ڈٹ جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین ؑ کی تعلیمات اورقربانی میں ہم مسلمانوں کی کامیابی وکامرانی کارازپنہاں ہے جس دن مسلمانوں نے حضرت امام حسین ؑ کے افکار کاعلم مضبوطی سے تھام لیا اس روزاسلام دشمن قوتوں کے ایوانوں میں صف ماتم بچھ جائے گی۔