بلدیاتی الیکشن لڑنے والے امیدوار انقلاب کا ہر اول دستہ ہیں،سعید راجپوت
لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر اور لاہور کی بلدیاتی انتخابی مہم کے انچارج میجر(ر) محمد سعید راجپوت نے واہگہ ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلوں میں انتخابی کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن لڑنے والے امیدوار انقلاب کا ہر اول دستہ ہیں 31 اکتوبر کو موٹرسائیکل پر بیٹھ کر شیر کا شکار کرینگے( ن) لیگ اقتدار کی آخری گھڑیاں گزاررہی ہے( ن )لیگ کے لیڈر باقی عمر کرپشن اور لوٹ مار کے کیسز میں جیلوں میں گزاریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے بلدیاتی امیدوار یونین کونسل کے ایک ایک گھر تک جائیں اور ووٹرز تک ڈاکٹر طاہر القادری کا پیغام پہنچائیں۔کرپٹ حکمرانوں کا احتساب پوری قوم کی آواز ہے۔قومی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار انقلاب کا ہر اول دستہ ہیں پنجاب حکومت کا ہر پراجیکٹ غلط منصوبہ بندی اور کرپشن کی وجہ سے بند پڑا ہے۔6 ماہ میں بجلی مہیاکرنے والے شریف برادران اب 2018 ء کی تاریخیں دے رہے ہیں۔کرپٹ وزراء ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں۔وہ واہگہ ٹاؤن اور شالامار ٹاؤن میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ انتخابی میٹنگز سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر دونوں ٹاؤنز سے عوامی تحریک کے بلدیاتی امیدوار اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔انتخابی میٹنگز سے عوامی تحریک لاہور کے رہنماؤں راجہ زاہد، عارف چودھری، حافظ غلام فرید، الطاف رندھاوا ،راجہ ندیم اور چودھری افضل گجر نے بھی خطاب کیا۔میجر(ر) محمد سعید نے کہا جعلی مینڈیٹ ، جعلی وعدے کرنے والے حکمران بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔عوامی تحریک ملک میں فرسودہ نظام کی تبدیلی کیلئے کوشاں ہے۔ نظریاتی کارکن عوامی تحریک کا اصل اثاثہ ہیں۔کارکنوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد عوام کو استحصالی نظام سے نجات دلائے گی۔بلدیاتی الیکشن میں عوام ثابت کردینگے کہ وہ عوامی تحریک کے منشور کی مکمل حمایت و تائید کرتے ہیں۔