عمان پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کا خواہش مند

عمان پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کا خواہش مند

  

کراچی(اکنامک رپورٹر) سلطنت عمان کے قونصل جنرل عبداللہ حمید نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تجارت کے فروغ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے ممبرز کمرشل امپورٹرز کو عمان کے فری ٹریڈ زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین خواجہ عارف کپور کی سربراہی میں ایک وفد نے سلطنت عمان کے سفارتخانے میں قونصل جنرل عبداللہ حمید سے ملاقات کی ۔وفد میں پی سی ڈی ایم اے کے وائس چیئرمین عبدالصمد شیخ،ممبرایگزیکٹیو کمیٹی چوہدری نصیر،کونسل ممبر عارف بالا گام والاشامل تھے۔سلطنت عمان کے قونصل جنرل نے فری ٹریڈ زون کی افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ محفوظ سرمایہ کاری کے لحاظ سے پاکستانی تاجرو صنعتکاروں کے لیے عمان کا فری ٹریڈ زون پرکشش ہے۔غیرملکی سرمایہ کاروں خصوصاً پاکستانی تاجرتجارتی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنے کاروبار کونہ صرف فروغ دے سکتے ہیں بلکہ خاطر خواہ منافع بھی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے کیمیکلز اینڈ ڈائز کے کاروبارکو عمان میں فروغ دینے اور تجارت کی نئی راہیں تلاش کرتے ہوئے صنعتی یونٹس کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے بتایاکہ کئی پاکستانی تاجر عمان فری ٹریڈ زون میں سرمایہ کاری کر کے شاندار کاروباری سہولتوں سے مستفید ہورہے ہیں۔

کیمیکلز اینڈ ڈائز سے تعلق رکھنے والے تاجر بھی ری سائیکلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کر کے کاروباری سہولتوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔قونصل جنرل نے پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین خواجہ عارف کپور کی جانب سے ایسوسی ایشن کے ممبرز کمرشل امپورٹرز کوویزوں سے متعلق بعض دشواریوں کی نشاندہی پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ایسوسی ایشن کی سفارش پر ترجیحی بنیادوں پر عمان کے لیے آن لائن ایکسپریس ویزے جاری کیے جائیں گے۔ پی سی ڈی ایم اے کے چیئرمین خواجہ عارف کپور نے پاکستان اور سلطنت عمان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ شاندار تعلقات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں تاہم دوستانہ تعلقات کو تجارتی تعلقات تک وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک کے تاجروں کو آپس میں مضبوط روابط استوار کرنا ہوں گے اور تجارت کی نئی راہیں تلاش کرتے ہوئے باہمی شراکت داری پر توجہ دینا ہوگی تاکہ دوطرفہ تجارت کوفروغ حاصل ہوسکے۔انہوں نے قونصل جنرل کی توجہ عمان کے لیے ویزوں کے اجراء میں تاخیر کی طرف مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ پی سی ڈی ایم اے کے ممبرز کمرشل امپورٹرز کو بلاتاخیرترجیحی بنیادوں پر ویزوں کااجراء کویقینی بنایا جائے اورآن لائن سہولت فراہم کرتے ہوئے ایکسپریس ویزے کے حصول کے لیے رسائی دی جائے۔

مزید :

کامرس -