ایل این جی پائپ لائن کاتاریخ ساز معاہدہ توانائی بحران کے خاتمہ کی ابتداء ہے‘غیاث پراچہ

ایل این جی پائپ لائن کاتاریخ ساز معاہدہ توانائی بحران کے خاتمہ کی ابتداء ...

لاہور (این این آئی ) آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کے مرکزی رہنما غیاث عبداللہ پراچہ نے پاکستان اور روس کے مابین کراچی سے لاہور تک گیس پائپ لائن معاہدے کو حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس تاریخ ساز فیصلے سے ملک میں توانائی بحران کم کرنے میں مدد ملے گی، گیارہ سو کلو میٹر طویل پائپ لائن سالانہ 12.4 ارب مکعب میٹر گیس کی ترسیل کو ممکن بنائے گی جس میں سے نصف سے 3600 میگاواٹ بجلی بنائی جائیگی جبکہ نصف سے پنجاب میں سی این جی ، فرٹیلائیزر اور صنعت کو گیس کی مسلسل سپلائی یقینی بنائی جا ئے گی۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ملکی توانائی کے منظر نامے کو تبدیل کرنے والے اس معاہدے سے 3600 میگاواٹ بجلی بنائی جا سکے گی اسلئے اسے کامیاب بنانے کیلئے حکومت فوری طور پر 1000 ارب مکعب فٹ کی استعداد رکھنے والے دو مزید ایل این جی ٹرمینل بنائے جبکہ گیس کی تقسیم قابل اطمینان بنانے کیلئے ڈسٹربیوشن سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے جس میں نئی پائپ لائنز بچھانے کو اولیت دی جائے تاکہ معاملات بہتری کی طرف جا سکیں۔ وزیر اعظم یا وزیر پٹرولیم اس معاہدے کی خود مانیٹرنگ کریں تاکہ اس میں رکاوٹ نہ ڈالی جا سکے اور یہ وقت پر مکمل ہو کر ملکی معیشت میں انقلاب برپا کر سکے۔ انھوں نے کہا کہ پائپ لائن کی تعمیر سے متعلق تمام اداروں سے سازشی، کرپٹ اور نا اہل عناصر کو فارغ کیا جائے ۔

اور اچھی شہرت کے حامل تجربہ کار افراد کو تعینات کیا جائے اور گیس کمپنیوں کو ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن بڑھتے ہوئے نقصانات کم کرنے کا حکم دیا جائے جو منصوبہ کی کامیابی کیلئے ضروری ہے۔

مزید : کامرس