بسوں، پلوں پر توجہ دینے والے حکمرانوں کو غریب عوا م کی کوئی فکر نہیں، محمد ایوب
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ایوب نے کہا ہے کہ افسوس کی بات ہے کہ صوبے بھر میں بالخصوص راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں خطر ناک حد تک اضافہ ہورہاہے راولپنڈی اور ملتان میں ڈینگی سے مریضوں کی ہلاکت ڈینگیں مارنے والے حکمرانوں کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہیں بسوں اور پلوں پر توجہ دینے والے حکمرانوں کو غریب عوا م کی کوئی فکر ہی نہیں ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فوری طور پر ڈینگی پر قابو پانے کے لئے ہنگامی اقدامات کرے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے ۔ میاں محمد ایوب نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو بحرانوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔
غریب عوام کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہاہے شہر لاہور سمیت صوبے بھر کی عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں ہے غریب عوام کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتیں تک میسر نہیں ہیں لیکن حکمران اس کے باوجود غیر ضروری منصوبوں میٹرو بس اور اورنج ٹرین پر قوم کا سرمایہ ضائع کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اپنی ترجیحات بدلنا ہوں گی اور قوم کا پیسہ ان کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنا ہوگا تاکہ ہر شہری صحت مند اور تندروست توانا بن کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کر سکے ۔