تسلی بخش رپورٹ پیش نہ کرنے پر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید نے دانیال کی بازیابی کی رپورٹ تسلی بخش پیش نہ کرنے پر ڈی ایس پی ڈیفنس سی اور ایس ایچ او ڈیفنس کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ایڈیشنل سیشن جج شاہدہ سعید کی عدالت میں ڈیفنس کی خاتون میڈم گلیڈس نے اپنے خاوند دانیال کی بازیابی کے لیے درخواست دائر کی۔ عدالت نے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو حکم دیا کہ دانیال کو پیش کیا جائے، جس پر عدالت کو پولیس نے رپورٹ دی کہ دانیال ان کے پاس نہیں جبکہ میڈم گلیڈس کا کہنا تھا کہ پولیس غلط بیانی سے کام لے رہی ہے
،اس کا شوہر ان کے پاس ہے وہ اسے مل کر آئی ہے۔ عدالت نے پولیس کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔