دانیال عزیز جھوٹا اور وزارت کیلئے ضمیر بیچنا چاہتا ہے ، عمران خان
اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ دانیال عزیز ایک جھوٹا اور صرف اور صرف ایک وزارت کیلئے اپنا ضمیر بیچنا چاہتا ہے ، میں میاں نواز شریف سے کہتا ہوں کہ اس ضمیر فروش کو وزارت دے ہی دے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دانیال عزیز کا سارا جھوٹ صرف وزارت کیلئے ہے ایسے بے شرم لوگوں کا میں کیا جواب دوں۔ حالانکہ جونیجو دور میں وزارت سے نکالے گئے دانیال عزیز کے والد واحد آدمی تھے جنہیں کرپشن کے الزام میں نکالا گیا ۔ عمران خان نے کہا کہ تبدیلی ہجوم نہیں انسان کا نظریہ لے کر آتی ہے تحریک انصاف کا نظریہ تب تبدیل ہوگا جب عمران خان تبدیل ہوگا جب عمران خان کاروبار کرے گا وزارتیں اور عہدے اپنے رشتہ داروں میں بانٹے گا علیم خان کو اس لئے سامنے لایا کہ وہ پڑھے لکھے ہیں علیم خان نے الیکشن پر پیسہ خرچ کیا تو اپنا کیا حکومت نے عوام کا پیسہ الیکشن پر خرچ کیا تحریک انصاف میرٹ پر فیصلے کرتی ہے امیر ہو یا غریب پارٹی میں آسکتا ہے انہوں نے کہا کہ شریف برادران سمجھتے ہیں کہ میٹرو ، سڑکیں اور برج بنانے سے ترقی ہوگی ہم سمجھتے ہیں کہ تعلیم اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے سے ملک ترقی کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران عرصے سے حکومت کرتے ہیں بلدیاتی الیکشن نہیں کراسکے ہم نے بلدیاتی الیکشن کرائے پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ میرا پورا ایمان تھا کہ 2015ء الیکشن کا سال تھا کیونکہ میں جو جو ثبوت دیکھے تھے ان سے ایسا ہی نظر آرہا تھا انہوں نے کہا کہ 2018ء الیکشن کا سال ہے ہم ابھی سے الیکشن کی تیاری کررہے ہیں کیونکہ نواز شریف کی تاریخ ہے کہ وہ اپنے اوپر خود کش حملہ کرسکتے ہیں اس لئے ہم الیکشن کے لئے تیار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران سیاست میں آئے ہی بزنس کیلئے اس سے دھاندلی کرے ہر حال میں جیتنے کی کوشش کرتے ہیں نواز شریف کا سارا خاندان بزنس کررہا ہے۔