نواز شریف اور حافظ سعید پر حملے کیلئے ’’را‘‘ کا منصوبہ

نواز شریف اور حافظ سعید پر حملے کیلئے ’’را‘‘ کا منصوبہ

  

 لاہور (کرائم سیل، مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن، اے این این) بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے وزیراعظم نواز شریف اور جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمد سعید سمیت متعدد بہت اہم شخصیات پر حملوں کا منصوبہ بنایا ہے، اس مقصد کے لئے کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان اطلاعات کے بعد بہت اہم شخصیات کے لئے حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوائے جانے والے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید احمد کو ہدف بنانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے آئی ایس آئی، ملٹری انٹیلی جنس، انٹیلی جنس بیورو اور وزیراعظم کے سیکرٹری کو مراسلے کی کاپیاں بھجوا دی گئی ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دونوں اہم شخصیات کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے وزیراعظم نواز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پنجاب میں اپنے نیٹ ورک کو متحرک کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ پنجاب نے پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جو مراسلہ جاری کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی وزیراعظم نوازشریف پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، لہٰذا وزیراعظم کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی رہائش گاہوں کو ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔ ان خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف پر حملے کی منصوبہ بندی کی تحقیقات کر رہے ہیں، منصوبہ بندی کرنے والے بہت جلد گرفتار کرلیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ پنجاب کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کے نشانے پر ہونے سے متعلق مراسلہ وزیراعظم سیکرٹریٹ کو 9 اکتوبر کو ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کے اندرونی معاملات میں منفی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ پاکستان اپنا دفاع کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا وجود پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ہے۔ افغانستان اور پاکستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کا ہاتھ ہے مگر ہمیں ایسا کوئی خوف نہیں ہے ہم اپنا دفاع جانتے ہیں۔ خطرات موجود ہیں مگر گھبراہٹ کی ضرورت نہیں۔ ہماری سکیورٹی فورسز اور ادارے ہر قسم کے حفاظت کے لئے پرعزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کی جانب سے بھیجا گیا مراسلہ اس لئے ارسال کیا گیا تھا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید الرٹ ہو جائیں۔ وزیراعظم سمیت تمام اہم شخصیات کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ’’را‘‘ ایجنسی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -