ہم نے کسان کا ٹیکس معاف کیا نواز شریف نے جی ایس ٹی لگا دیا ، پرویز الٰہی
قصور(آن لائن)مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی نے کہاہے کہ وزیراعظم کے کسان پیکج کو مسترد کرتے ہیں‘ ہم نے کسان کا ٹیکس معاف کیا نواز شریف نے جی ایس ٹی لگا دیا۔ حکمران کسانوں کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں کسان کو حقوق کیلئے ظالم حکمرانوں کے خلاف لڑنا ہوگا۔ کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کے مسائل سے زیادہ اہم ایشو کوئی نہیں ہے‘ کسانوں کے مسائل سمھجتا ہوں کیونکہ میں بھی کسان کا بیٹا ہوں۔ اپنے دور میں میٹرک تک مفت تعلیم فراہم کی۔ دکھی انسایت کی خدمت کیلئے 1122 کا ادارہ بنایا انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کسانوں کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں کسان پیکج کو ہم مسترد کرتے ہیں ہر شخص دھوکہ فراڈ اور جھوٹا ہے نواز شریف کو کسانوں سے محبت ہوتی تو تین سال پہلے پیکج کا اعلان کردیتے کسان سڑکوں پر نکلے ہیں تو بلدیاتی الیکشن کے موقع پر پیکج کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو ظالم حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ جب تک کسان متحد نہیں ہوں گے۔ ان کے مسائل حل نہیں ہوں گے کسانوں کے شانہ بشانہ چلیں گے پاکستان میں کسانوں پر ٹیکس لگنے سے بھارت کے کسان کو فائدہ ہورہا ہے۔ گنے کی ملوں کے مالکان بے لگام ہوچکے ہیں ہم نے گنے کی ملوں کے مالکان کو قابو کرکے رکھا۔ نواز شریف شہباز شریف کے پاس کسانوں کیلئے پیسے نہیں ہیں جنگلہ بس پر اربوں روپے خرچ کردیئے ہیں‘ انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں کی حالت ابتر ہے ۔ ہسپتالوں میں دوائی تک کچھ نہیں ہے۔ شہباز شریف نے ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دینے کا اشتہار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے دور میں کسانوں کا ٹیکس معاف کیا نواز شریف نے جی ایس ٹی لگا دیا