کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونیوالے پاکستان میں حقیقی جمہوریت لانا ہوگی، عبداللّٰہ گل

کلمہ کی بنیاد پر قائم ہونیوالے پاکستان میں حقیقی جمہوریت لانا ہوگی، ...

لاہور(خبر نگار خصوصی) حالی تحریک پاکستان اور تحریک جوانان پاکستان کی طرف سے جنرل (ر)مرحوم حمید گل کی یاد میں گزشتہ روز تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں روز نامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمٰن شامی،تحریک جوانان پاکستان کے چےئرمین عبداللہ گل، حالی تحریک پاکستان کے چےئرمین محمد شفیق حالی، حفیظ اللہ نیازی، سجاد میر،اجمل نیازی اور دیگر نے شرکت کی۔تقریب کے شرکا ء نے مرحوم حمید گل کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کیں۔اس موقع پر تحریک جوانان پاکستان کے چےئرمین عبداللہ گل نے کہا کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر بنا اور اس میں حقیقی جمہوریت لانے کی ضرورت ہے ۔بریگیڈئیر(ر)محمدیوسف نے کہا کہ جنرل(ر)مرحوم حمید گل محب وطن اور قابل پاکستانی تھے اور ان میں تجزیے کی بے پناہ صلاحیت موجود تھی۔پاکستان،امریکہ اور بھارت کے حوالے سے ان کی معلومات ہمیشہ درست اور اپ ڈیٹ رہتی تھیں مگر بد قسمتی سے پاکستان نے ان کی قابلیت سے فائدہ نہیں اٹھایا لیکن ان کے مشن کا جاری رکھنا چاہئے۔اس موقع پر دیگر مقررین سجاد میر، اجمل نیازی،حفیظ اللہ نیازی اور محمد شفیق حالی سمیت دیگر نے مرحوم کو خراج تحسین پیش کیا۔

عبداللہ گل

مزید : صفحہ آخر