شہید بے نظیر کا نام ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہے گا ، وزیراعلٰی سندھ

شہید بے نظیر کا نام ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہے گا ، وزیراعلٰی سندھ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر اوروزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے شہداء کی آٹھویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہداء سانحہ کارساز کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 18اکتوبر 2007 میں جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو جلا وطنی کے بعد ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام اور عوا م کی ترقی اور خوشحالی اور عوام کی خدمت کے جذبہ کے تحت ملک واپس آئیں تو پاکستان باالخصوص سندھ کی عوام نے ان کا والہانہ تاریخی اور پرجوش خیرمقدم کیا اور لاکھوں کی تعداد میں لوگوں نے بڑے جوش و جذبہ کے ساتھ شہید محترمہ کو خوش آمدید کہا اور کراچی ایئرپورٹ سے لیکر پوری شاہراہ فیصل پر عوام کا ایک سیلاب موجزن تھا۔ مگر ملک و جمہوریت دشمن عناصر جو کہ نہیں چاہتے تھے کہ اس ملک میں حقیقی جمہوریت قائم ہو اور ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے انہوں نے شہید محترمہ بے نظیربھٹوکے قافلے پر جب وہ کارساز کے مقام پر پہنچا تو یکے بعد دیگرے دو دھماکے کئے گئے جس کے نتیجے میں -165 سے زائد پی پی پی کے جانثار شہید اور 575 سے زائد پارٹی کارکن شدید زخمی ہو گئے۔ مگر اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ان بم دھماکوں میں محفوظ رہیں اور کارکنوں نے اپنی جانیں شہید بینظیر بھٹو پر نثار کردیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان بم دھماکوں اور ملک دشمن اور دہشتگرد عناصر کی جانب سے دھمکیوں کے باوجود شہید محترمہ بے نظیر بھٹوملک میں حقیقی جمہوریت کے قیا م اور پسے ہوئے عوام کے حقوق کی جدوجہد کے لئے بے خوف وخطر ڈٹی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کے قائدین نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے اس ملک میں جو حقیقی جمہوریت کی داغ بیل ڈالی ہے اسے اس ملک کے عوام کبھی بھی فراموش نہیں کر سکیں گے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر کا نام ہمیشہ ہمیشہ کے لئے عوام کے دلوں میں زند ہ و جاوید رہے گا۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں پی پی کے کارکن شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن اور پروگرام کو آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کے خوابوں کی تکمیل کے لئے پیپلزپارٹی کے کارکن اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور جمہوریت کی بقا کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -