پی سی ایس آئی آر کا کردار ملک کی خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے ،ڈاکٹر شہزاد عالم

پی سی ایس آئی آر کا کردار ملک کی خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے ،ڈاکٹر شہزاد ...

  

کراچی(اکنامک رپورٹر)چیئرمین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر شہزاد عالم نے کہا ہے کہ ادارے کا کردار ملک کی خوشحالی ،معیشت اور سا لمیت کے لیے انتہائی اہم ہے ۔وہ ہفتہ کو اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد پہلی بار کراچی میں ادارے کے سائنسدانوں ،انجینئرز اور دیگر ملازمین سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح ادارے میں عدل و انصاف و دیگر ضروریات کی فراہمی ہوگی تاکہ تمام افراد دل جمعی سے کام کرسکیں ۔انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ ان کی جائز شکایات کا ازالہ ہوگا تاہم ہر شخص کو اپنے فرائض دیانتداری سے ادا کرنا ہوں گے ۔انہوں نے ادارے میں ٹیم ورک پر زور دیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ کہ وہ حالات کو ملازمین کی امنگوں اور خواہشات کے مطابق استوار کریں گے تاکہ وہ قابل افراد جو بہتر مستقبل کے لیے ادارے کو چھوڑ کر جارہے ہیں وہ اسی ادارے میں اپنا بہتر مستقبل تلاش کریں ۔انہوں نے اس ضمن میں میرٹ کی بحالی اور عدل و انصاف کو اپنی پالیسی کی بنیاد قرار دیا ۔انہوں نے ادارے میں تجارتی نیٹ کو ترقی اور صنعتوں سے روابط پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسی راستے پر چلتے ہوئے عوام میں اپنی ساکھ کو بہتر بناسکتے ہیں ۔ڈاکٹرشہزاد عالم نے قومی وبین الاقوامی اداروں کے اشتراک سے مالی مسائل حل کرنے کی تجویز دی ۔انہوں نے پاکستان فاؤنڈیشن کے ساتھ مل کر تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور جدید دور کو سامنے رکھ کر اپنے تحقیقی منصوبوں کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے ایک سے 15گریڈ کے تمام ملازمین کو بلاسودی قرضوں کی فراہمی اور ہر سال بیسٹ سائنسز ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ۔بعد ازاں انہوں نے توانائی ،چمڑے پر تحقیق کے شعبے اور الیکٹرانک انسٹی ٹیوٹ کا دورہ بھی کیا ۔تمام ملازمین نے ان کا بھرپور استقبال کیا ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -