این اے 122کے ضمنی انتخابات میں جمہوری روایات کو پامال کیا گیا ، سراج الحق

این اے 122کے ضمنی انتخابات میں جمہوری روایات کو پامال کیا گیا ، سراج الحق

  

 جوہرآباد،ملتان( آن لائن،اے این این ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے عدالتی سسٹم سے انصاف حاصل کرنے کے لئے سونے کی کنجی ہونا انتہائی ضروری ہے، ایک مخصوص طقبہ 60 سال سے ہم پر مسلط ہے، مٹھی بھر اشرافیہ پاکستان کے وسائل سیاست اور معیشت پر قابض ہے جبکہ پاکستان میں بچہ بچہ آئی ایم ایف کے قر ضے کے نیچے پا بند ہوچکا ہے۔ جوہر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لاہورمیں این اے 122 کے انتخابات میں جمہوری روایات کو پامال کیا گیا، ملک میں رائج موجودہ وی آئی پی سسٹم نے عام آدمی کی زندگی مشکل سے مشکل ترین بنادی ہے ،جماعت اسلامی ہی پاکستان کو اسلامی پاکستان بنائے گی۔بعدازاں ادارہ نور حق میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں امن ، ترقی اور خوشحالی لانے اور مستقبل کو بہتر بنا نے کے لیے کراچی کے عوام کے پاس بلدیاتی انتخابات ایک سنہری مو قع ہے ۔ووٹ کی طاقت سے عوام اپنی تقدیر اور مستقبل کو روشن بنا سکتے ہیں ۔جماعت اسلامی کراچی کو استحصال سے پاک شہر بنا نے کیلئے عوام کا احساسِ محرومی دور کر ے گی ۔اس مو قع پر جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکر یٹری محمد اصغر ،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امراء اسامہ رضی ،برجیس احمد ،مسلم پرویز ،سیکریٹری کراچی عبد الوہاب ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی مو جود تھے ۔سرا ج الحق نے کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن سے شہریوں کو اطمینان ہو ا ہے ۔تاجر اور عوام قیام امن پر خوش ہیں ۔بلدیاتی انتخابات قیام امن کی کوشش کر نے والے اداروں کے لیے بھی امتحان ہیں کہ کراچی کے عوام کو آزادانہ اور شفاف انتخابات کا مو قع فراہم کیا جاسکے تاکہ عوام کا انتخابات کے عمل پر اعتماد بحال ہو سکے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -