صوبائی حکومت تبدیلی کے وعدے کی تکمیل کیلئے بھرپور عمل پیرا ہے ، محمد عاطف

صوبائی حکومت تبدیلی کے وعدے کی تکمیل کیلئے بھرپور عمل پیرا ہے ، محمد عاطف

 پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم ،توانائی و برقیات محمد عاطف نے کہا ہے کہ قائد تحریک انصاف عمران خان نے عوام سے جس تبدیلی کا وعدہ کیا تھا صوبائی حکومت اس وعدے کی تکمیل کیلئے بھر پور طریقے سے عمل پیرا ہے،صوبائی حکومت کی کارکردگی مخالفین سے ہضم نہیں ہو رہی ،ہم پر تنقید کرنے والوں کی کارکردگیاں لوگ دیکھ چکے ہیں ،عوام کا پیسہ اپنی جیبوں میں ڈالنے والے آج احتساب کے کٹہرے سے جان چھڑانے کیلئے کروڑوں روپے دینے پر آمادہ ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انہوں نے کتنی کرپشن اور لوٹ مار کی اگر مشیروں کا یہ حال تھا تو نہ جانے ان کے وزیروں اور بڑوں نے کتنی کرپشن کی ہو گی،صوبے کی پسی ہوئی مظلوم اور محروم عوام نے اپنی تمام تر امیدیں پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ کی ہوئی ہیں،انشاء اللہ ہم عوام کی امیدوں کے مطابق ان کو نیا خوشحال اور ترقیافتہ خیبر پختونخوا کا خواب پورا کر کے دیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھوئی برمول پی کے۔28مردان میں ایک شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،شمولیتی جلسہ میں ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان ،ضلعی اپوزیشن لیڈر ملک شوکت کے علاوہ تحریک انصاف مردان کے عہدیداران اور پارٹی ورکرز بھی موجود تھے۔اس موقع پر جمیعت علماء اسلام کے سرکردہ رہنما نظیر باچا نے اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر اپنے سینکڑوں ساتھیوں ، رفقاء اور عزیز و اقارب کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔وزیر تعلیم محمد عاطف نے نظیر باچا اور ان کے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف پارٹی مظبوط ہو گی بلکہ علاقے کی تعمیر و ترقی میں بھی بھر پور مدد ملے گی۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوام کے امنگوں کی ترجمان ہے ،صوبے کی عوام نے مفاد پرست سیاستدانوں کو مسترد کر کے پی ٹی آئی پر جس اعتماد کا اظہار کیا تھا ہماری حکومت اس پر پورا اترتے ہوئے اپنی بہتر طرز حکمرانی اور بھر پور اصلاحات کے ذریعے صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین ہماری کاگردگی سے خائف ہیں اور آئے روز حکومت پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔محمد عاطف نے کہا کہ ہم نے اداروں کا وقار بحال کر کے نظام کی خرابی دور کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کئے ہیں جس کے نمایاں اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ تحریک انصاف پر طالبان کے ہمدردوں کا الزام لگانے والوں کو شرم نہیں آتی کہ انہوں نے اپنے دور حکومت میں عوام تو درکنار ان کی محافظ اور دہشت گردوں اور شدت پسندوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے اور اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والی پولیس فورس کو غیر معیاری اسلحہ اور بلٹ پروف جیکٹ دے کر نہ صرف ان کے سروں کا سودا کیا بلکہ کرپشن اور لوٹ مار کی تاریخ بھی رقم کی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پولیس کے اعتماد میں بھر پور اضافہ کر کے انہیں سیاسی اثر و رسوخ سے پاک کر کے ایک مثالی فورس بنا دیا ہے جس کا اعتراف پورا پاکستان کرتا ہے ۔محمد عاطف نے اس موقع پر کھوئی برمول کے پرائمری سکول کو اپ گریڈ کر کے مڈل ،مڈل کو ہائی اور ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگوں کی مشاورت سے نئے سکول بھی قائم کئے جائیں گے جبکہ بی ایچ یو کو بھی اپ گریڈ کرنے کے علاوہ اگلے سال یہاں ڈگری کالج بھی تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے ان کی آمد پر پرتپاک استقبال کرنے کیلئے پی کے۔28 کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس علاقے کی ترقی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا کہ کھوئی برمول کو درپیش بجلی کے مسئلے کو قومی اسمبلی اجلاس میں اٹھانے کے علاوہ وفاقی وزیر پانی و بجلی سے بھی اس مسئلے کے حل کیلئے بات چیت کریں گے۔

مزید : پشاورصفحہ اول