ڈی آراو آفس میں کارکنوں سے ملاقات نہیں کی ،نفیسہ شاہ
کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی اور پاکستان پیپلزپارٹی ہیومین رائٹس سیل کی سینٹرل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے نجی ٹی وی چینلز پرچلنے والے اس کلپ کی سختی سے تردید کی ہے جس میں انہیں ڈی آر او کی سیٹ پر بیٹھ کر پی پی پی کے کارکنان سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ کلپ میں دکھایاگیا ہے کہ ڈاکٹر نفیسہ شاہ روزانہ رات 09:00 بجے سے رات 12:00 بجے تک یہاں پارٹی ورکرز سے میٹنگ کرتی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ مذکورہ کلپ قطعی طور پر بے بنیاد، بدنیتی اور دھوکہ دہی پر مبنی ہے ۔ تین سال پرانے کلپ کو آج کا کہہ کر دکھانا سراسر بددیانتی ہے۔ واضح رہے کہ مذکورہ کلپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک سے کاپی کی گئی ہے جو فیس بک پر 2012 میں پوسٹ کی گئی تھی۔ اس طرح کی خبریں نشر کرنے سے یہ حقیقت بھی کھل کر سامنے آچکی ہے کہ مذکورہ ٹی وی چینلزکی انتظامیہ کا ایڈیٹوریل کنٹرول سرے سے ناپید ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد آج تک کمشنر یا ڈی آر او سے نہ تو کوئی ملاقات ہوئی ہے اور نہ ہی ان کے دفتر کا دورہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مخالفین آنے والے بلدیاتی انتخابات میں اپنی متوقع شکست سے گھبرا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اور پارٹی رہنماؤں کا پہلے سے جاری میڈیا ٹرائل کو شدید اور تیز کردیا ہے اور جھوٹی پروپیگنڈا مہم کے ذریعے کردار کشی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلزکوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کو یقینی بناتے ہوئے انتہائی غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی خبر کو نشر کرنے سے قبل اسکی تصدیق کرنی چاہیے ۔واضح رہے کہ ڈاکٹر نفیسہ شاہ گذشتہ 4 روز سے کراچی میں ہیں۔