اسٹار مارکیٹنگ کی تعمیراتی شعبے میں خدمات قابل ستائش ہیں ،نثار احمد کھوڑو

اسٹار مارکیٹنگ کی تعمیراتی شعبے میں خدمات قابل ستائش ہیں ،نثار احمد کھوڑو

  

کراچی (اکنامک رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پروجیکٹس کی بہتر انداز میں مارکیٹنگ کے ذریعہ چاروں صوبوں کو خوبصورت بنانا ممکن ہے ۔کامیابیاں محنت اور لگن کے بغیر ممکن نہیں ہیں ۔واثق نعیم کو کہوں گا کہ وہ کراچی کو موثر انداز میں مارکیٹ کریں تاکہ میرا سندھ ستارے کی طرح جگمگائے ۔وہ گزشتہ شب مقامی ہوٹل میں اسٹار مارکیٹنگ کے زیر اہتمام دسویں سالانہ اسٹار مارکیٹنگ ایوارڈز کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر چیئرمین اسٹار مارکیٹنگ واثق نعیم ،سینیٹر خوش بخت شجاعت ،سینیٹر نہال ہاشمی ،ایم ڈی مین ہل اخلاق احمد ،آرٹس کونسل کے سیکرٹری احمد شاہ ،چیئرمین آباد حنیف گوہر ،اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی ،اداکار مصطفی قریشی اور دیگر نے خطاب کیا ۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ کراچی کے حالات اچھے ہونے کی وجہ سے آج کاروباری سرگرمیاں بحال ہورہی ہیں ۔انہوں نے اسٹار مارکیٹنگ کے چیئرمین واثق نعیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی اور کاروباری دنیا میں ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ وہ ہر شعبے میں نمایاں حیثیت رکھتے ہیں ۔چیئرمین اسٹار مارکیٹنگ واثق نعیم نے کہا کہ اسٹار مارکیٹنگ کی دسویں سالانہ ایوارڈزتقریب کا جشن مناتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کررہے ہیں ۔ادارے نے آنے والی تبدیلیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا ہے ۔اس لیے بے شمار کامیاب منصوبے دیئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اسٹار مارکیٹنگ کا طرہ امتیاز رہا ہے کہ اس نے اشتہارات سمیت مارکیٹنگ کے شعبے میں سیٹھ کی تصویر کے بجائے اپنے اسٹاف کو فوقیت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محنت اوردیانت داری کبھی رائیگاں نہیں جاتی لہذا اپنے کاروبار میں سچ بولنا اور دیانت داری سے کام کرنا کامیابی کی علامت ہے ۔سینیٹر خوش بخت شجاعت نے کہا کہ آج کی محفل جاندار اور متحرک ہے ۔ہم دعا کرتے ہیں کہ اسٹار مارکیٹنگ کو کامیابیاں حاصل ہوتی رہیں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ واثق نعیم میرے بھائی ہیں ۔انہوں نے تعمیراتی شعبے میں جو خدمات سرانجام دی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی ۔سینیٹر نہال ہاشمی نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں مارکیٹنگ ہے لیکن واثق نعیم نے انتہائی محنت اور دیانت داری سے مقام حاصل کیا ہے اور میرا اس بات پر یقین ہے کہ مارکیٹنگ کے شعبے میں ان کی محنت اور لگن کی وجہ سے نہ صرف واثق نعیم بلکہ ان کے رفقاء کا نام بھی سرفہرست ہے ۔فلم اسٹار مصطفی قریشی نے کہا کہ مارکیٹنگ کے شعبے میں نہ صرف واثق نعیم بلکہ ان کی پوری ٹیم بھی اسٹار ہے ۔انہوں نے واثق نعیم کی کامیابیوں کو ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب انہیں فلم کے شعبے میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے چاہئیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ واثق نعیم قومی یکجہتی کی علامت ہیں ۔اخلاق احمد نے کہا کہ آج کا دن اسٹار مارکیٹنگ کے لیے جشن کا دن ہے ۔آج ہم دس سال کی دہلیز پر کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اپنی بہترین فیلڈفورس کی بدولت کراچی سے پشاور تک اسٹار مارکیٹنگ کے تمام پروجیکٹس کامیابی سے ہمکنار ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اسٹار مارکیٹنگ کی ٹیم کو ایوارڈز کے ساتھ بھاری بونس بھی دیا جائے گا ۔سیکرٹری آرٹس کونسل احمد شاہ نے کہا کہ واثق نعیم 40سال سے مستحق فنکاروں کی خدمت کررہے ہیں جو ایک اعزاز ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کی ہتھیلی میں بہت بڑا سوراخ ہے لیکن ان پر اللہ تعالیٰ کی رحمت کی جو بارش ہورہی ہے وہ اس سے بھی بڑی ہے ۔ان کی خدمات قابل ستائش ہیں ۔اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نے کہا کہ واثق بھائی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ ناکامی کی پروا کیے بغیر رسک لیتے ہیں اس لیے وہ ایک بہادر انسان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی سے لاہور منتقل ہوگیا ہوں اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں اکیڈمیوں کی بہت کمی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ یہاں پر کھلاڑیوں کو تمام ترسہولیات فراہم کی جائیں ۔چیئرمین آباد حنیف گوہر نے کہا کہ ایسے بہادر انسان کی تقریب میں موجود ہوں جنہوں نے بہت محنت کی اور مجھ سمیت متعد بلڈرز کے منصوبوں کو اپنی اعلیٰ صلاحیتوں سے کامیاب بنایا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں واثق نعیم جیسا نڈر انسان نہیں دیکھا ہے جو رسک لے کر بھی منصوبوں کو کامیاب کردیتا ہے ۔دریں اثناء تقریب میں اسٹار مارکیٹنگ کی ٹیم کو ایوارڈز دیئے گئے ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -