تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کو شکست دے کر سبق سکھا یا ،فضل محمد

تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کو شکست دے کر سبق سکھا یا ،فضل محمد

تیمرگرہ ( بیو ر و ررپو ر ٹ ) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی آرگنائزر فضل محمد خان نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں نے پی کے 93 دیراپر میں جماعت اسلامی کو تاریخی شکست سے دوچار کرکے اسے سبق سکھایا ہے اور اگر ان بھی جماعت اسلامی کے وزراء اور ممبران اسمبلی نے پی ٹی آئی کارکنوں کا استحصا ل بند نہ کیا تو دیر سے جماعت اسلامی کا جنازہ نکالیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز تالاش میں پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد منعقدہ ایک بڑی تقریب سے بطور مہمان خسوصی اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب سے پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی جنید اکبر، سابق امیدوار این اے 34 بشیر خان، ضلعی صدر فخرالزمان، تحصیل صدر ذاکر آمین، ساجد خان، انصاف ٹیچرز ایسوسی ایشن دیر کے صدر طاہر الطاف سرحدی، پی ٹی آئی ریاض سعودی عرب کے نمائیندے محمد علی خان، خان شیرین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔صوبائی آرگنائزر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزراء اور ممبران اسمبلی نے دیر اور بونیر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دیوار سے لگایا ہے اور انھیں مکمل طور پر نظرانداز کیا ہے جسکی وجہ سے کارکنوں میں بے چینی پھیل گئی ہے۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب دیر میں ایک قوت بن گئی ہے اور اسے نظرانداز کرنا کسی کی مفاد میں نہیں۔انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پارٹی کی جان ہے کیونکہ وہ اپنے پسینے کی کمائی سے بچت کرکے یہاں بھیجتے ہیں۔تقریب سے ایم این اے جنید اکبر نے الزام لگایا کہ پرویز خٹک اپنی صوبائی حکومت بچانے کیلئے مالاکنڈ کے کارکنوں کی قربانی دے رہے ہیں جو ہمیں بالکل قبول نہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر پارٹی کارکنوں کا استحصال جاری رہا تو وہ دن دور نہیں کہ وہ اپنی ہی حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے۔انھوں نے کہا کہ ایم این اے ہوکر بھی وہ اپنے حلقے میں کچھ نہیں کرسکتا۔انھوں نے پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ جماعت اسلامی سے اتحاد فوری طور پر ختم کیا جائے اور اگر اس میں صوبائی حکومت جاتی ہے تو جائے کم از کم پی ٹی آئی کے کاکن تو سکھ کا سانس لے سکیں گے۔تالاش میں تحصیل سطح کا دفتر ریاض سعودی عرب میں مقیم تالاش کے کچھ نوجوانوں نے کھلاہے جس کا خرچ بھی انھوں برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر