بلدیاتی الیکشن نے سیاسی ماحول گرما دیا ‘ تشہیری مہم ‘ جلسے جلسوں کا آغاز

بلدیاتی الیکشن نے سیاسی ماحول گرما دیا ‘ تشہیری مہم ‘ جلسے جلسوں کا آغاز

  

ملتان ‘ میلسی ‘ سرائے مغل ‘ ڈاہرانوالہ ( سٹاف رپورٹر ‘ خبرنگار خصوصی ‘ نمائندگان )(بقیہ نمبر12صفحہ11پر )

بلدیاتی الیکشن نے سیاسی میدان کی رونقیں دوبالا کر دیں ‘ تشہیری مہم شروع ‘ ن لیگ نے درخواستیں وصول کرنے کی تاریخ میں توسیع کر دی ۔ ملتان سے سٹاف رپورٹر ‘ خبر نگار خصوصی کے مطابق ملتان (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند کارکنوں کی درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع کر دی ہے جس کے تحت اب کارکن 19اکتوبر تک شام چار بجے تک پارٹی ٹکٹ کے حصول کے لیئے مسلم لیگ (ن) کے دفتر کچہری روڈ پر جمع کراسکیں گے اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی جنرل سیکریٹری شیخ اطہر ممتاز نے درخواست فارم جمع کرانے کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے کارکنوں کے فارم 19اکتوبر تک جمع کرادیں اس موقع پر سید کوثر علی شاہ ، چوہدری غلام سروور ، چوہدری مظفر یسین ،سرفراز ا و بھایا،رانا طارق پرویز نے انہیں درخواست فارم جمع کرائے شیخ اطہر ممتاز نے مذید کہا کہ کارکنوں کو ٹکٹیں دینے کا فیصلہ پارٹی قائدین کریں گے تاہم کسی کارکن کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں کی جائے گی ۔ اپیلیٹ کورٹ بلدیاتی الیکشن ملتان سٹی و صدر نے کاغذات نامزدگی وصول نہ کرنے و دیگر اعتراضات کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ فاضل عدالت میں یونین کونسل نمبر 45 کے چیئرمین کے امیدوار شفیق احمد یونین کونسل نمبر 71 کے چیئرمین کے امیدوار راؤ محمد مستقیم اقبال یونین کونسل نمبر 14 کے چیئرمین کے امیدوار چودھری محمد اسلم یونین کونسل نمبر 78 کے چیئرمین کے امیدوار محمد رضوان خان یونین کونسل نمبر 70 اللہ دتہ اور اکبر علی شاہ ‘ یونین کونسل نمبر 8 سے طاہر حسین یونین کونسل نمبر 9 سے محمد صدیق اور سلطان محمود یونین کونسل نمبر 74 سے محمد شہزاد 71 سے لیاقت علی 11 سے شاہد رمضان ‘ 14 سے محمد ارشد 120 سے محمد نواز ‘ وجاہت حسین اور حسن الدین 101 سے میاں نعیم عباس 121 سے محمد حق نواز 69 سے محمد مٹھو اور اختر عباس 110 سے محمد عابد اور ظفر حسین ‘ 83 سے عمر فاروق 94 سے شرافت علی 95 سے محمد وسیم ‘ 108 سے محمد حسین ‘ 79 سے محمد رشید اور محمد شہزاد اور 115 سے جام محمد جمال کی درخواستوں پر 20 اور 21 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کرنے کی ہدایات کر دی گئی۔ امیدواروں کی جانب سے دائر درخواستوں پر مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے کاغذات نامزدگی وصول نہ کرنے و دیگر اعتراضات عائد کر کے انہیں انتخابات میں حصہ لینے کے بنیادی حق سے محروم کر دیا ہے۔ اس لئے ہمارے کاغذات نامزدگی وصول کرنے اور منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔ میلسی سے نمائندہ پاکستان کے مطابق تشہیرکنندہ پینا فلیکس بینرز اورپوسٹرزآویزاں کرنے پر50روپے فی مربع فٹ کے حساب سے فیس اداکرنے کا پابند ہے تفصیل کے مطابق تشہیری مہم کا ٹھیکہ لینے والے ٹھیکیدار نے بڑے بڑے پینافلیکس بینرز اورپوسٹرزآویزاں کرکے تشہیری مہم چلانے والے بلدیاتی امیدواران سے تشہیری فیس کی وصولی کیلئے ٹی ایم اے سے رجوع کیا ہے ٹی ایم اے رولز کے مطابق تشہیرکنندہ پینا فلیکس بینرز اورپوسٹرز پر 50روپے فی مربع فٹ کے حساب سے فیس اداکرنے کا پابند ہے جبکہ امیدواران کونسلرز نے تشہیری فیس وصولی کی کوششوں بارے علم ہونے پر اپنے ردعمل میں سخت احتجاج کرتے ہوئے تشہیری فیس وصولی کو بلدیاتی الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف قرار دیا ہے امیدواران کے مطابق تشہیری فیس کمرشل تشہیر پر لاگو ہے امیدواران کی طرف سے کی گئی تشہیر کوکمرشل تصور کرنا خدمت خلق کے عمل کو مشکوک بنانا ہے۔ سرائے مغل سے نامہ نگار کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں صرف دو ہفتے باقی ہیں۔اُمیدواروں نے عوام کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے جلسوں کارنر میٹنگوں اور ریلیوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے گذشتہ روز یونین کونسل رکھ والا میں مسلم لیگ ن کے اُمیدوار چیرمین سردار طیب ڈوگر نے موضع سندھو کلاں میں ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان شا اللہ آئندہ انتخابات میں ہماری جیت یقینی ہے ۔انکے مد مقابل چیرمین کے اُمیدوار سردار ایاز محمود نکئی نے رکھ والا میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے خاندان میں گذشتہ پچاس سال تک عوام کی خدمت کی ہے ان شا اللہ لوگ ہمارا ساتھ دیں گے ۔یونین کونسل پڈھانہ میں جماعت اسلامی کے اُمیدوار چوہدری محمد اصغر نے موضع پسین میں ایک جلسہ عا م کا انعقاد کیا جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے راہمناؤں حافظ نذیر احمد ۔حاجی محمد رمضان ۔ سردار نو ر احمد ڈوگر نے کہا کہ سالہا سال سے اقتدار میں رہنے والے لوگوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا ۔دیہات کی ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ،سوریج کا گندا پانی سابقہ حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں کی قلعی کھول رہا ہے ۔ ہم کامیاب ہو کر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے ۔ ڈاہرانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب میں ہونے والے الیکشن کی تیاریاں اور کمپین زور و شور سے جاری اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق دفن ،حکومتی جماعت کے ممبران اسمبلی ،وزراء نے اپنے اپنے آبائی حلقوں میں آکر ڈیرے ڈال لیے ہیں اور اپنے اپنے امیدوار کی انتخابی مہم میں نہ صرف حصّہ لے رہے ہیں ۔بلکہ عوام کو جھوٹے وعدوں ،ترقیاتی منصوبوں ،اور نوکریاں دینے کے وعدوں پر اپنے امیدواروں کوکامیابی دلوانے کے چکروں میں عوام کا یہ کہنا ہے ۔کہ جس قوم کی حالت گذشتہ ستر سالوں سے نہیں بدلی تو اب حکمران جھوٹے وعدوں سے کیا بدلیں گے ۔عوام کا یہ کہنا ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے جس طرح عوام کو پیس کر رکھ دیا ہے ۔اگر شفاف انتخابات ہوئے تو عوام اپنے غصے کا اظہار ووٹ کی پرچی سے کریں گے ۔تاہم حکومتی اور اپوزیشن کی جماعتوں کے اُمیدوار میدان میں ہیں اور اپنی انتخابی مہم زور و شور سے چلا رہے ہیں ۔کوئی شیر کے نشان پر مہر لگانے کا کہہ رہا ہے ۔تو کوئی بوتل لیے گھر گھر ووٹ مانگ رہا ہے تو کوئی بالٹی ،کرین،لیے عوام کو سبز باغ دکھا رہا ہے ۔

بلدیاتی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -