عمران خان نے بد تمیزی کی سیاست کو پروان چڑھایا :پرویز رشید
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہاہے کہ نوازشریف نے وزیراعظم بننے سے قبل یہ کہا تھا کہ پاکستان کا وزیراعظم بننا پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا تاج ہے ،عمران خان نے بد تمیزی کی سیاست کو پروان چڑھایا ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ 126دن کے دھرنے میں عمران خان کا کسی نے ساتھ نہیں ددیا اور عمران خان نے بد تمیزی کی سیاست کر پروان چڑھایا ،بدتمیزی کا کوئی پہلو نہیں چھوڑا لیکن ہم نے تمیز کا دامن ہاتھ سے نہیں جانے دیا اور حکومت کے صبر کے باعث عمران خان کا دھرنا ناکام ہوا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے طاہر القادری کے ساتھ مل کر لشکر تیار کیا اور اس لشکر نے پی ٹی وی کے دفتر پر حملہ کیا ۔
پرویز رشید کا کہناتھا کہ نوازشریف نے وزیراعظم بننے سے قبل کہا تھا کہ وزیراعظم بننا پھولوں کی سیج نہیں ہے بلکہ کانٹوں کا تاج ہے ، ن لیگ کے حکومت میں آنے سے قبل 20گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی تھی لیکن اب پہلے والی صورتحال نہیں ہے اسی لیے لوگ سٹرکوں پر احتجاج نہیں کر رہے ۔ان کا کہناتھا کہ حکومت نے دہشتگردوں اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے بہت سارا سفر طے کر لیاہے ،پوری دنیا نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا، کراچی میں رہنے والے آج امن پر اظہار اطمینا ن کر رہے ہیں اور عید کے ساتھ یوم آزادی بھی منا رہے ہیں ۔
وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ اگلے چند سال میں ملک سے بے روزگار ی ختم ہو جائے گی اور معیشت بھی مزید ترقی کرے گی جبکہ 2013میں اقتصادی لحاظ سے پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی پیش گوئیاں ہو رہی تھیں لیکن اب پاکستانی کی معیشت کو عالمی سطح پر سراہا جارہاہے ،دنیا بھر سے ملک میں سرمایہ کار آر ہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے این اے 122میں پچا س ہزار جعلی ووٹوں کا الزام لگایا گیا ،عمران کان نے انتخابات کے نتائج کو تسلیم نہیں کیا ۔