سعودی عرب میں ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر سزا سخت کر دی گئی

سعودی عرب میں ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر سزا سخت کر دی گئی
سعودی عرب میں ویزا قوانین کی خلاف ورزی پر سزا سخت کر دی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں کچھ عرصے سے تارکین وطن کے حوالے سے لیبر قوانین میں مسلسل ترامیم کی جا رہی ہیں اور گزشتہ دنوں ایک ترمیم میں مزدوری کے لیے جانے والے غیرملکیوں پر کافی قدغنیں لگائی گئی تھیں لیکن آج مزید تفصیلات سامنے آئی ہیں۔جن کے تحت ملازمت دہندگان اور ان کے نمائندوں کے لیے موجود قانون کو سخت کر دیا گیا ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق کسی بھی ملازمت دہندہ یا اس کے نمائندے نے ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کی تو اسے 50ہزار ریال (تقریباً13لاکھ 91ہزار روپے)تک جرمانہ کیا جائے گا۔آزاد ویزہ دلانے میں ملوث ہونے والوں کو بھی اتنا ہی جرمانہ کیا جائے گا۔
عرب نیوز کے مطابق  نئے قانون کے تحت وزارت کو ملازم کا غلط ڈیٹا دے کر ویزہ حاصل کرنے والے ملازمت دہندہ کو 25ہزار ریال(تقریباً6لاکھ 91ہزار روپے)جرمانہ کیا جائے گا۔ جبکہ سعودی وزارت محنت کی طرف سے یہ بھی باور کرایا گیا ہے کہ سعودی باشندوں کے لیے مخصوص نوکریوں پر غیرملکیوں کو رکھنے والوں پر بھی 20ہزار ریال(تقریباًساڑھے5لاکھ روپے)جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اپنی فرمز اور کمپنیوں میں ملازمین کے تحفظ اور پیشہ ورانہ صحت کے طریقہ کار پر پورے نہ اترنے والے ملازمت دہندگان کو بھی25ہزار ریال(تقریباً6لاکھ 91ہزار روپے)اور 15سال سے کم عمر بچوں کو ملازمت پر رکھنے والوں کو 20ہزار ریال(تقریباًساڑھے5لاکھ روپے)جرمانہ کیا جائے گا۔