اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی صورتحال کو "عالمی یکجہتی کا بحران" قرار دیدیا
نیویارک/ روم (آئی این پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے یورپ میں تارکین وطن اور پناہ گزینوں کی صورتحال کو "عالمی یکجہتی کا بحران" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین کے ملکوں کے چیلنجز کا ادراک ہے ، جنگ، بھوک، افلاس اور امتیازی سلوک سے بھاگے لوگوں کے لیے پرعزم قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے۔
عالمی میڈیا کے مطابق بانکی مون نے روم میں سینٹ ایجیڈیو کمیونٹی شلٹر میں پناہ گزینوں اور ان کے بچوں سے ملاقات کی اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی کہانیاں دل شکستہ ہیں اور وہ انھیں "امید دلانا" چاہتے ہیں۔سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انھیں یورپی یونین کے ملکوں کے چیلنجز کا ادراک ہے لیکن انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ، بھوک، افلاس اور امتیازی سلوک سے بھاگے لوگوں کے لیے پرعزم قائدانہ صلاحیت کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے۔
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق رواں سال اب تک چار لاکھ سے زائد لوگ مشرق وسطیٰ، افریقہ اور دنیا کے دیگر ممالک سے جنگوں اور غربت سے فرار ہو کر یورپ پہنچے ہیں۔ان لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث یورپی یونین میں ایک بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی ہے انھیں مختلف ملکوں میں جگہ دینے کے معاملے پر یونین کے ملکوں میں اختلاف دیکھنے میں آرہا ہے۔